اینڈروئڈ سسٹم کے حامل ٹیبلٹ کمپیوٹر جلد آئی پیڈ سے آگے
7 اپریل 2011ٹیبلٹ کمپیوٹر کی مارکیٹ پر اب تک آئی پیڈ کا راج ہے۔ تاہم اب آئی پیڈ تیار کرنے والے معروف امریکی کمپیوٹر ساز ادارے ایپل کو ایک حقیقی مقابلے کا سامنا ہے۔ ایچ پی، ایل جی اور سام سنگ سمیت کمپیوٹر کی دنیا کی کئی بڑی کمپنیاں بہت جلد اینڈروئڈ سسٹم کے حامل ٹیبلٹ کمپیوٹر مارکیٹ میں لانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ’ڈروئڈکون ڈیویلپرز‘ (Droidcon Developers) کے نام سے ہونے والی کانفرنس میں شریک زاشا پالن برگ (Sascha Pallenberg) کا کہنا تھا: ’سال 2012ء کے آخر تک اینڈروئڈ آپریٹنگ سسٹم کے حامل ٹیبلٹ کمپیوٹر بہت تیزی سے فروخت کے اعتبار سے ایپل کے آئی پیڈ کو پیچھے چھوڑ دیں گے‘۔ پالن برگ ٹیکنالوجی کے حوالے سے بلاگ لکھتے ہیں اور اس کے مستقبل کے حوالے سے پیش گوئی کرنے کے ماہر ہیں۔
دنیا بھر میں کمپیوٹر مارکیٹ پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق اس وقت ٹیبلٹ کمپیوٹر مارکیٹ میں 90 فیصد شیئر آئی پیڈ کے پاس ہے۔ یعنی اگر دس ٹیبلٹ کمپیوٹر فروخت ہوتے ہیں تو ان میں سے نو آئی پیڈ ہوتے ہیں۔ تاہم زاشا پالن برگ، جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کا مرکز تائیوان کو بنا رکھا ہے، کہتے ہیں کہ فروخت میں یہ کم حصہ ہی دراصل اس بات کی گارنٹی ہے کہ اینڈورئڈ سسٹم پر مشتمل ٹیبلٹ کمپیوٹر ضرور کامیاب ہوں گے۔
اس وقت کمپیوٹر انڈسٹری کی 10 بڑی کمپینیوں کے علاوہ بہت سی غیر معروف کمپنیاں بھی ٹیبلٹ کمپیوٹر طرز کی مختلف سائز اور کیٹیگریز کی مصنوعات فروخت کر رہی ہیں۔ اگلے چند ماہ کے دوران بلیک بیری بنانے والی کمپنی آر آئی ایم، ایل جی، اسوس، ایسر اور ایچ پی جیسی کمپنیاں آئی پیڈ کی ٹکر پر اپنے ٹیبلٹ کمپیوٹر مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کرنے کا منصوبہ رکھتی ہیں۔
ان میں سے اکثر ٹیبلٹ کمپیوٹر اینڈروئڈ آپریٹنگ سسٹم کے حامل ہیں۔ Honeycomb کے نام سے متعارف کرایا گیا یہ آپریٹنگ سسٹم خصوصی طور پر ٹیبلٹ کمپیوٹرز کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اینڈروئڈ دراصل ایک اوپن سورس آپریٹنگ سسٹم ہے جو کہ گُوگل کی سربراہی میں تیار کیا گیا ہے۔
زاشا پالن برگ کے مطابق جو چیز اینڈوئڈ سسٹم کے حامل ٹیبلٹ کمپیوٹرز کی فروخت میں اضافے کا باعث بنے گی، وہ آئی پیڈ کے مقابلے میں ان کی کم قیمت ہے۔ ایپل کے تیارکردہ ٹیبلٹ کمپیوٹر کی کم سے کم قیمت 500 یورو کے قریب ہے۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: مقبول ملک