ایپل کے چیف ایگزیکٹیو اسٹیو جابز اپنے عہدے سے مستعفی
25 اگست 2011کینسر کے عارضے کا شکار 56 سالہ اسٹیو جابز نے 2009ء میں جگر کی پیوند کاری کروائی تھی۔ اسی بیماری کے باعث وہ رواں برس سترہ جنوری سے چھٹیوں پر تھے۔ انہوں نے اپنے عہدے کو خیر باد کہتے ہوئے کہا کہ وہ بطور چیف ایگزیکٹیو اپنی ذمہ داریوں اور ان سے جڑی توقعات کو نبھانے کے قابل نہیں رہیں ہیں۔ تاہم وہ ایپل کے چیئرمین کے طور پر کام کرنا چاہیں گے۔
ایپل نے تصدیق کی ہے کہ اسٹیو جابز کے مستعفی ہونے کے بعد چیف آپریٹنگ آفیسر ٹم کوک کمپنی کے نئے چیف ایگزیکٹیو ہوں گے۔ ٹم کوک بھی ایک طویل عرصے سے ایپل کے ساتھ منسلک ہیں اور جابز کی عدم موجودگی میں وہ ایک طرح سے چیف ایگزیکٹو کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ اس لیے کہا جا رہا ہے کہ اسٹیو جابز کے بعد کمپنی بحران کی شکار نہیں ہوگی۔
بورڈ کو ارسال کیے گئے اپنے استعفیٰ میں اسٹیو جابز نے لکھا،’ میں نے یہ ہمیشہ کہا تھا کہ اگر کبھی ایسا دن آیا کہ میں بطور چیف ایگزیکٹیو اپنی ذمہ داریوں اور اور مجھ سے جڑی توقعات کو نبھانے کے قابل نہ رہا تو میں وہ پہلا شخص ہوں گا، جواس کا اعتراف کرے گا۔ اور بدقسمتی سے آج وہ دن آ گیا ہے۔۔۔ میں ایپل کے چیف ایگزیکٹیو کے عہدے سے استعفٰی دیتا ہوں‘۔ انہوں نے اس خط میں مزید لکھا کہ اگر بورڈ اور کمپنی کے عملے کو اعتراض نہیں ہے تو وہ کمپنی کے چیئر مین کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے تیار ہیں۔
اسٹیو جابز نے 1976ء میں اسٹیو وازنیوک اور رونالڈ وَین کے ساتھ مل کر اس کمپنی کی بنیاد رکھی تھی۔ 1985ء میں وہ اس کمپنی سے الگ ہو گئے تھے تاہم 1996ء میں وہ دوبارہ اس کمپنی کا حصہ بنے اور اس کمپنی کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنا شروع کیا۔ جابز نے 2001ء میں میوزک پلیئر آئی پوڈ متعارف کروایا، جو بعد ازاں 2007ء میں منظر عام پر آنے والے آئی فون کی تیاری میں انتہائی مددگار ثابت ہوا۔
اسی طرح اسٹیو جابز کی قیادت میں ایپل کمپنی ترقی کی راہوں پر گامزن رہی اور اس نے 2009ء میں الیکٹرانکس کی دنیا میں ایک اور تہلکہ مچایا اور اپنا آئی پیڈ ایجاد کیا۔ کمپنی کی دیگر مصنوعات میں آئی میک بھی ایپل کی دیگر مصنوعات کی طرح اب ایک ضرورت بن چکا ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عابد حسین