1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ایک دوسرے سے بات کریں، جان سے نہ ماریں‘، سویتلانا الیکسیوچ

Kalz-Mihajlova, Margarita / امجد علی11 مارچ 2016

بیلا روس سے تعلق رکھنے والی ادیبہ سویتلانا الیکسیوچ نے 2015ء میں ادب کا نوبل انعام حاصل کیا تھا۔ حال ہی میں جرمن شہر بون میں نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے کے ایک دورے کے دوران انہوں نے عصر حاضر کے کئی اہم موضوعات پر بات کی۔

https://p.dw.com/p/1IBZq
Swetlana Alexandrowna Alexijewitsch zu Besuch in der DW
بیلا روس سے تعلق رکھنے والی ادیبہ سویتلانا الیکسیوچتصویر: DW/S. Englert

سڑسٹھ سالہ سویتلانا الیکسیوچ نے اپنے اس دورے کے دوران ڈوئچے ویلے کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ انسان کو آزادی کے لیے جدوجہد کرنا پڑتی ہے، یہ آسمان سے نہیں گرتی تاہم اس کے لیے درست طریقے اختیار کیے جانے چاہییں:’’ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، ایک دوسرے کو ہلاک نہیں کرنا چاہیے۔‘‘

اس انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ وہ بنیادی طور پر خاموش طبع ہیں اور محض لکھنے لکھانے میں مشغول رہنا زیادہ پسند کرتی ہیں لیکن جب سے نوبل انعام ملا ہے، اُن کی مصروفیات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ نوبل انعام ملنے کے بعد انہیں اس مشکل کا سامنا ہے کہ انہیں ایک ایک لفظ تول تول کر بولنا پڑتا ہے کیونکہ ادھر اُن کے منہ سے کچھ نکلتا ہے اور اُدھر وہ سب کچھ شائع ہو جاتا ہے۔

سویتلانا الیکسیوچ جرمن شہر کولون میں منعقد ہونے والے سالانہ ادبی میلے لِٹ کولون میں شرکت کے لیے جرمنی آئی ہوئی تھیں۔ اس دوران ایک ایسی ادیبہ کے طور پر، جنہوں نے جنگ کے موضوع پر بہت کچھ لکھا ہے، اُن کے منہ سے نکلا ہوا یہ جملہ کافی مشہور ہوا کہ دنیا میں اب ایک بار پھر سرد جنگ شروع ہو چکی ہے۔ اس حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ روس میں ذلت، محرومی اور اقتصادی پسماندگی کے شکار لوگوں کے اندر بے پناہ نفرت پیدا ہو چکی ہے اور حکمرانوں نے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے اُن کی نفرت کا رُخ ایک فرضی ’بیرونی دشمن‘ کی جانب موڑ دیا ہے:’’پوٹین کچھ نیا نہیں کر رہے۔ ایسا ہمیشہ سے ہوتا رہا ہے اور یہ بھی وہی کچھ کر رہے ہیں۔‘‘

Schweden Literatur Nobelpreis Swetlana Alexijewitsch
سویتلانا الیکسیوچ 2015ء میں سویڈن میں اپنا نوبل انعام وصول کرتے ہوئےتصویر: Reuters/J. Ekstromer

اپنے ساتھ ہونے والے سلوک پر روسی عوام خاموش کیوں ہیں؟ اس سوال کے جواب میں سویتلانا الیکسیوچ نے کہا کہ لوگ سرمایہ دارانہ نظام نہیں چاہتے تھے کیونکہ یہ روسی مزاج سے مطابقت نہیں رکھتا۔ جب ایسے میں پوٹن نے اُنہیں یہ بتایا کہ ’ہمارے چاروں جانب دشمن ہی دشمن ہیں، ہمیں طاقتور بننا چاہیے، لوگوں کو ہم سے خائف ہو کر رہنا چاہیے‘ تو تب اُن کی دنیا پھر سے گویا معمول پر آ گئی کیونکہ اس طرح کی زندگی اُن کے مزاج سے زیادہ ہم آہنگ ہے۔ اس چیز نے اُنہیں پھر سے ایک بڑے قومی یونٹ کی صورت میں متحد کر دیا۔‘‘

سویتلانا الیکسیوچ نے نوبل انعام وصول کرتے وقت چرنوبل ایٹمی ری ایکٹر میں ہونے والی تباہ کاری کا بھی پُر زور ا نداز میں ذکر کیا تھا۔ اس سال اس حادثے کو تیس برس پورے ہو جائیں گے۔ اس حوالے سے ایک سوال کے جواب میں اس ادیبہ نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں اُن کے جتنے بھی دوست احباب کا انتقال ہوا، وہ سبھی سرطان میں مبتلا ہو کر موت کے منہ میں گئے:’’حکمران اپنے لیے تو خصوصی فارمز اور کارخانوں میں اشیائے خوراک پیدا کروا رہے ہیں جبکہ عام لوگ تابکاری سے آلودہ اَشیاء کھا کر بیمار ہور رہے ہیں اور مر رہے ہیں۔‘‘

سویتلانا الیکسیوچ کا کہنا تھا کہ اب وہ جنگ پر لکھ لکھ کر تنگ آ چکی ہیں اور انسانوں کے اندر پایا جانےوالا یہ جنون اُن کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے:’’مجھے سمجھ نہیں آتا کہ انسان کسی دوسرے انسان کی جان لینے کا حق کیسے حاصل کر لیتا ہے۔ جنگ جائز ہو یا ناجائز، بالآخر ہوتا یہ قتل ہی ہے۔ میرے خیال میں اکیسویں صدی میں ہمیں تصورات اور خیالات کی مدد سے ایک دوسرے کا مقابلہ کرنا چاہیے اور ایک دوسرے کو جان سے مارنے کی بجائے آپس میں بات چیت کرنی چاہیے لیکن ہم بدستور قتل کرتے جا رہے ہیں۔ یہ وحشیانہ عمل ہے۔‘‘

Swetlana Alexijewitsch zu Gast bei der DW in Bonn
سویتلانا الیکسیوچ بون میں ڈوئچے ویلے کے ایک دورے کے دوران چیف ایڈیٹر الیگزانڈر کوڈاشیف (بائیں سے دوسرے) اور پروگرام ڈائریکٹر گیرڈا موئر (انتہائی دائیں) کے ساتھتصویر: DW/Böll

سویتلانا الیکسیوچ کے مطابق آج کل وہ دوکتابوں پر کام کر رہی ہیں، جن میں سے ایک کتاب محبت اور دوسری بڑھاپے میں انسان کی زندگی کے موضوع پر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں ہونے والی ترقی نے انسان کی زندگی میں بیس تا تیس سال کا اضافہ کر دیا ہے اور لوگ نہیں جانتے کہ وہ اس اضافی عمر کا کیا کریں:’’میرے خیال میں اس اضافی زندگی کے اندر بھی کوئی مقصد ہونا چاہیے، کوئی روحانی مقصد۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید