1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برازیل: صدارتی انتخابات کے فاتح کا فیصلہ دوسرے مرحلے میں

4 اکتوبر 2010

برازیل کے صدارتی انتخابات میں ورکرز پارٹی کی ڈِلما روسیف کو برتری حاصل رہی ہے۔ تاہم وہ مقررہ ووٹ حاصل نہیں کر سکیں، جس کی وجہ سے صدارتی نشست کا فیصلہ انتخابات کے دوسرے مرحلے سے ہوگا۔

https://p.dw.com/p/PTTq
ڈِلما روسیف ووٹ کاسٹ کر رہی ہیںتصویر: AP

برازیل میں صدارتی انتخابات کے لئے پولنگ اتوار کو ہوئی۔ 98 فیصد ووٹوں کے نتائج کے مطابق صدر لولا ڈی سلوا کی منتخب امیدوار ڈِلما روسیف کو47 فیصد ووٹ ملے۔ سپریم الیکٹورل ٹریبونل کے مطابق ان کے بڑے حریف یوزے سیرا 33 فیصد ووٹ حاصل کر سکے۔

انتخابات کے دوسرے مرحلے سے بچنے کے لئے کسی بھی اُمیدوار کو 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنا تھے۔ موجودہ صورت حال کے تناظر میں 31 اکتوبر کو انتخابات کا دوسرا مرحلہ ہوگا۔

Präsidentschaftwahl Brasilien Lula
برازیل کے صدر لولا ڈی سلواتصویر: AP

سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے یوزے سیرا نے پہلے ہی اُمید ظاہر کی تھی کہ انہیں اتنے ووٹ ضرور حاصل ہوجائیں گے، جن سے انتخابات کا دوسرا مرحلہ ناگزیر ہو جائے گا۔

اُدھر صدر لولا ڈی سلوا نے بھی کہہ دیا تھا کہ انتخابات کے دوسرے مرحلے کی نوبت آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’انتخابات کے دو مرحلے ہوں گے۔ میں نے بھی پہلے مرحلے میں کبھی الیکشن نہیں جیتا۔ ابھی اس لڑائی میں ایک مہینہ اور لگے گا، تو چلیں یہ لڑائی شروع کرتے ہیں۔‘

دوسری جانب لولا ڈی سلوا کا یہ بھی کہنا ہے کہ جیت کے لئے ڈِلما روسیف کی پوزیشن مضبوط ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق وہ پہلے مرحلے میں ہی جیت جاتیں تو ان کی پوزیشن اور بھی مستحکم بن جاتی۔

ہفتہ کو جاری کئے گئے رائے عامہ کے ایک جائزے میں بھی روسیف کے لئے پہلے مرحلے میں جیتنا انتہائی مشکل قرار دیا گیا تھا۔ تاہم جائزوں میں یہ بھی کہا گیا کہ، دوسرے مرحلے میں ہی سہی، ان کی جیت یقینی ہے۔ اس صورت میں روسیف برازیل کی پہلی خاتون صدر ہوں گی۔

بتایا جاتا ہے کہ روسیف نے ان انتخابات کے لئے انتہائی محتاط مہم چلائی اور اس دوران صدر لولا کی مقبولیت اور ملک میں جاری معاشی ترقی کے عمل سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

No Flash Präsidentschaftswahlen in Brasilien
صدارتی اُمیدوار ٹیلی ویژن مباحثے کے دورانتصویر: Picture alliance/dpa

واضح رہے کہ لولا ڈی سلوا کو برازیل کی تاریخ کا مقبول ترین صدر قرار دیا جاتا ہے۔ وہاں کے آئین کے مطابق وہ تیسری مدت کے لئے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکے۔ ڈِلما روسیف ان کی چیف آف سٹاف رہ چکی ہیں۔

برازیل کثیر الآباد جمہوری ریاستوں میں سے ایک ہے۔ وہاں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 13 کروڑ 60 لاکھ ہے جبکہ ہر رجسٹرڈ ووٹر کے لئے ووٹ ڈالنا لازمی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف بلوچ