1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی ملکہ الزبتھ کی پراسرار جائیداد

8 ستمبر 2022

ریجنٹ اسٹریٹ لندن شہر کی ایک مشہور گلی ہے، اس کی لمبائی ایک کلو میٹر سے زائد ہے۔ اس کے ایک ایک مربع انچ کی ملکیت ایک کمپنی کے پاس ہے اور اس کا نام برطانوی شاہی خاندان ہے۔

https://p.dw.com/p/3uhQK
Weihnachtsansprache der Queen
تصویر: Victoria Jones/AP/picture alliance

ریجنٹ اسٹریٹ کوئی برسوں پرانا علاقہ نہیں ہے، اس پر کئی دوکانیں، شراب خانے اور ریسٹورانٹس موجود ہیں۔ سینٹرل لندن کاروباری اور حکومتی دفاتر کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔ اس کا وسیع علاقہ بھی شاہی خاندان کی ملکیت ہے۔

کراؤن اسٹیٹ یا شاہی خاندان کی برطانیہ کے طول وعرض میں کئی مقامات پر قیمتی جائیدادیں موجود ہیں۔ ان میں بڑے قلعے، کاٹیجز اور زرعی علاقے بھی شامل ہیں۔ برطانیہ کی ساحلی پٹی کا نصف بھی کراؤن اسٹیٹ کی ملکیت ہے۔ کئی ساحلی پٹیوں پر کاروباری سرگرمیاں بھی جاری و ساری ہیں۔

London Regent Street
لندن کی ریجنٹ اسٹریٹ کے ایک ایک مربع انچ کی ملکیت ایک کمپنی کے پاس ہے اور اس کا نام برطانوی شاہی خاندان ہےتصویر: Niklas Halle'n/AFP/Getty Images

اربوں کی ریئل اسٹیٹ

کراؤن اسٹیٹ یا شاہی خاندان کی کُل جائیداد کی مالیت چودہ ارب پاؤنڈ سے زیادہ ہے۔ یہ مالیت یورو میں سولہ بلین سے زائد اور امریکی ڈالر میں قریب اٹھارہ بلین ہے۔ اتنی خطیر مالیت کے تناظر میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ برطانوی شاہی خاندان کا براعظم یورپ کے بڑے پراپرٹی گروپس میں شمار ہوتا ہے۔ اس میں یہ سوال سب سے اہم ہے کہ شاہی خاندان میں کون ہے جو اتنی بڑی پراپرٹی کا براہِ راست مالک ہے۔

برطانوی ملکہ کے ’محبت نامے کی طرح کے خط‘ کی نیلامی

کراؤن اسٹیٹ کا منافع

برطانیہ میں کراؤن اسٹیٹ کی ملکیت شاہی تخت پر براجمان فرد (ملکہ یا بادشاہ) کے نام پر ہوتی ہے۔ گویا جو بھی تخت نشین ہو گا اور جتنے عرصہ تک وہ تخت نشین رہے گا، تب تک تمام اسٹیٹ اسی کے نام پر ہو گی۔ یہ بھی اہم ہے کہ یہ تخت نشین ہونے والی کی نجی یا ذاتی پراپرٹی نہیں ہے اور نہ ہی وہ اسے فروخت کرنے کا اختیار رکھتا ہے اور اس سے حاصل ہونے والا کرایہ یا دوسرا منافع یا آمدن تخت پر براجمان فرد کے تصرف میں بھی نہیں ہوتا۔

England Caister-on-Sea, Norfolk Windpark
برطانوی ساحلی پٹی کا نصف بھی کراؤن اسٹیٹ کی ملکیت ہے۔ کئی ساحلی پٹیوں پر کاروباری سلسلہ جاری ہےتصویر: Bernd Brueggemann/Zoonar/picture alliance

یہ بھی واضح ہے کہ برطانوی حکومت بھی کراؤن اسٹیٹ کی مالک نہیں ہے۔ کراؤن اسٹیٹ ایک کارپوریشن کے طور پر قائم ادارہ ہے اور یہی اس تمام ریئل اسٹیٹ کے انتظام و انصرام کا نگران ہے۔ یہ کارپوریشن ایک آزاد ادارہ ہے۔ اس کے انتظام میں شاہی خاندان کا کوئی فرد شامل نہیں ہوتا۔

کراؤن اسٹیٹ کی دولت اور ملکہ کی نجی دولت

اس سارے معاملے میں یہ بھی اہم ہے کہ ملکہ برطانیہ کی نجی دولت اور کراؤن اسٹیٹ کی دولت میں فرق ہے۔ ملکہ کی مجموعی دولت کا حجم تین سو پینسٹھ ملین پاؤنڈ ہے۔ اس میں انہیں ورثے میں ملنے والے بالمورل اور سینڈرنگھم قلعے بھی آتے ہیں۔ ملکہ کو ڈاک ٹکٹوں کی مد میں ایک سو ملین پاؤنڈ بھی حاصل ہوتے ہیں۔ ان ڈاک ٹکٹوں کو 'رائل فیلیٹیلک کلکیشن‘ کا نام دیا گیا ہے۔

برطانوی ملکہ کے شوہر پرنس فیلپ اب ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر

دوسری جانب کراؤن اسٹیٹ کی ملکیت کی وضاحت میسر نہیں۔ یہ ادارہ کاروبار میں بھی منافع بخش ہے۔ اس کو سن 2019/2020 (اکتیس مارچ سن 2020 تک) کے مالی سال میں تین سو پینتالیس ملین پاؤنڈ کا منافع حاصل ہوا تھا۔ ایسا اندازہ لگایا گیا ہے کہ کورونا وبا میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کراؤن اسٹیٹ کو بڑے مالی نقصان کا سامنا ہے کیونکہ کئی کمرشل کرائے داروں کو کرایہ ادا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

The Crown Court Schild Logo
کراؤن اسٹیٹ کمپنی یا شاہی خاندان کی کُل جائیداد کی مالیت چودہ ارب پاؤنڈ سے زیادہ ہےتصویر: Charlotte Ball/empics/picture alliance

بادشاہت جاری رہے

ایک حالیہ سروے میں اکسٹھ فیصد عوام نے برطانوی بادشاہت کو جاری رکھنے کے حق میں رائے دی جبکہ چوبیس فیصد منتخب سربراہِ حکومت کے متمنی تھے۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ برطانوی بادشاہت کو عوام کی پرزور حمایت حاصل ہے۔

ملکہ برطانیہ کی تاج پوشی کی ڈائمنڈ جوبلی

خیال کیا جاتا ہے کہ جب کبھی برطانیہ کو ایک جمہوریہ قرار دیا گیا تو اس وقت سب سے مشکل سوال کراؤن اسٹیٹ کی ملکیت کا ہو گا۔ ماہرین کے مطابق ابھی تک اس بڑی پراپرٹی پر حکومتی کنٹرول یا ملکیت کی قانونی طور پر وضاحت نہیں کی گئی ہے۔

آرتھر سولیوان (ع ح/ع ا)