1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت دس نئے جوہری پلانٹ تعمیر کرے گا

صائمہ حیدر
17 مئی 2017

بھارتی وفاقی کابینہ نے دس نئے جوہری ری ایکٹر قائم کرنے کی تجویز کی منظوری دے دی ہے۔ ان ری ایکٹرز کے قیام کے بعد بھارت کی جوہری صلاحیت دوگنی ہو جائے گی۔

https://p.dw.com/p/2d7IR
Indischer Premierminister Narendra Modi
دس نئے ایٹمی ری ایکٹروں کی تعمیر کی منظوری بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے زیرِصدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں دی گئیتصویر: AFP/Getty Images/I. S. Kodikara

بھارتی حکومت کی جانب سے آج بروز بدھ جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق دس نئے ایٹمی ری ایکٹروں کی تعمیر کی منظوری بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے زیرِصدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔ بھاری پانی کے ان ایٹمی ری ایکٹرز کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت سات ہزار میگا واٹ ہو گی۔ بھارت کی توانائی پیدا کرنے کی موجودہ صلاحیت 678 میگا واٹ ہے جو اسے بائیس آپریشنل پلانٹس سے حاصل ہوتی ہے۔

 نئے جوہری ری ایکٹرز بھارتی ساختہ ہوں گے اور ان سے براہ راست یا بلواسطہ 33،000 افراد کو ملازمت فراہم کی جائے گی۔ بھارت میں توانائی کے وزیر پیوش گوئل کا کہنا ہے کہ نئے ری ایکٹروں کے قیام کا فیصلہ پائیدار ترقی اور توانائی کے شعبے میں خود انحصاری کے حکومتی عزم کا عکاس ہے۔

بیان میں البتہ یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ یہ جوہری ری ایکٹر کہاں لگائے جائیں گے اور کب تک کام کرنا شروع کریں گے۔ بھارت، بجلی کی پیداوار کے لیے ستر فیصد حیاتیاتی ایندھن اور بنیادی طور پر کوئلے پر انحصار کرتا ہے۔

 بھارتی حکومت کے مطابق سن 2030 تک ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی  40 فیصد سے زائد ضرورت کو صاف اور قابلِ تجدید ذرائع سے پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔