1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: ہیلتھ سیکٹر کے بجٹ میں 135 فیصد اضافہ، کسان نظر انداز

1 فروری 2021

بھارتی حکومت نے آئندہ مالی بجٹ میں صحت کی دیکھ بھال کے شعبہ کے لیے 30.6 بلین ڈالر مختص کیے ہیں۔ کووڈ کی عالمی وبا کی وجہ سے بھارتی معیشت کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3ogIb
بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتارامن
تصویر: Manish Swarup/AP/picture alliance

بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے آج یکم فروری کو نئی دہلی میں بھارتی پارلیمان میں آئندہ مالی سال کا ملکی بجٹ پیش کیا، جس میں ہیلتھ سیکٹر کے بجٹ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک سو پینتیس فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔ زرعی سیکٹر کے لیے قرضے فراہم کرنے کا حجم بڑھا دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ زرعی ڈھانچے پر نئے ٹیکس عائد کرنے کا عندیہ بھی دیا۔

غیر ملکی سرمایہ کاری

سیتارامن نے اس مجوزہ بجٹ میں صحت عامہ کے نظام کو بہتر بنانے اور کورونا ویکسینیشن کی مہم میں فنڈنگ کے لیے کُل 30.6 بلین ڈالر تک بڑھانے کی تجویز پیش کی ہے۔ خیال رہے بھارت میں 1.3 ارب افراد کو کورونا ویکسین لگانے کی ایک بڑی مہم جاری ہے۔ بجٹ میں انشورنس سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے کا بتایا گیا۔

اقتصادی مشکلات اور بجٹ

کووڈ انیس کی عالمی وبا کی وجہ سے بھارتی اقتصادیات کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ آئندہ برس کے بجٹ میں ان مسائل سے نمٹنے کے لیے خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مطابق دنیا بھر میں امریکا کے بعد بھارت سب سے زیادہ کورونا کیسز کا سامنا کرنے والے ملک ہے، لہٰذا اس بجٹ کا مقصد ملک میں 'دولت اور فلاح و بہبود‘ پیدا کرنا ہے۔ بھارت اس وقت صحت کے شعبہ پر اپنی جی ڈی پی کا تقریباﹰ ایک فیصد خرچ کرتا ہے، جو کہ کسی بھی بڑی معیشت والے ملک میں سب سے کم ہے۔

بجٹ پر کسانوں کی تنقید

زرعی اصلاحات پر ناراض بھارتی کسانوں نے کہا ہے کہ یہ بجٹ ان کے خدشات دور کرنے میں ناکام رہا ہے اور وہ احتجاج کی شکل میں حکومت پر دباؤ ڈالتے رہیں گے۔ نئی دہلی میں مظاہرے میں شریک کسانوں کے ایک رہنما کرن کمار ویسا کہتے ہیں کہ اس بجٹ میں کسانوں کی آمدن بڑھانے یا دیہی علاقوں میں روزگار پیدا کرنے کے لیے ایک بھی اقدام نہیں ہے۔ ان کے بقول، ''وزیر خزانہ نے ایک مرتبہ بھی اپنی حکومت کے اس وعدہ کا ذکر نہیں کیا جس کے مطابق سن 2022 تک کسانوں کی آمدن دوگنی کی جانی تھی۔‘‘

بھارتی کسانوں کا احتجاج
بھارت میں بجٹ کے اعلان سے قبل نئی دہلی میں سکیورٹی ہائی الرٹتصویر: Manish Swarup/AP Photo/picture alliance

بھارتی وزیر خزانہ کی جانب سے پارلیمان میں سالانہ بجٹ پیش کرنے کے موقع پر بھارتی سکیورٹی اہلکاروں نے کسان مظاہرین کے نئی دہلی میں داخلے کو روکنے کی خاطر سکیورٹی سخت کردی تھی۔ واضح رہے چھبیس جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر احتجاج کرنے والےکسان دہلی کے  لال قلعے تک پہنچنے میں کامیاب  ہو گئے تھے اور وہاں پرتشدد جھڑپیں بھی ہوئی تھیں۔

کورونا وبا اور بھارتی اقتصادیات

گزشتہ برس کی پہلی سہ ماہی میں بھارتی اقتصادیات میں 23.9 فیصد کی پریشان کن کمی ہوئی تھی۔ حکومت کی جانب سے پچھلے سال کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی وجہ سے لاکھوں افراد اپنی ملازمت سے محروم ہوگئے تھے۔ ہزاروں افراد اپنے چھوٹے کاروبار بند کرنے پر بھی مجبور ہوگئے تھے۔

بھارت میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 54 ہزار سے زیادہ افراد کی اموات ہوچکی ہیں جبکہ ایک کروڑ پچھتر لاکھ سے زائد  افراد اس وائرس کی زد میں آچکے ہیں۔

ع آ / ع ح (روئٹرز)

نئی دہلی ایک جانب فوجی تو دوسری طرف ٹریکڑ پریڈ

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں