1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: ممبئی کے قریب عمارت منہدم، 10 افراد ہلاک

جاوید اختر، نئی دہلی
21 ستمبر 2020

بھارت کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی سے 35کلومیٹر دور تھانے ضلع کے بھیونڈی میں ایک تین منزلہ عمارت منہدم ہوجانے سے کم از کم 10 افراد ہلاک ہوگئے۔

https://p.dw.com/p/3ilra
علامتی تصویر
علامتی تصویرتصویر: picture-alliance/AP Photo

بھیونڈی میں پیر کے روز علی الصبح ہوئے اس حادثے میں تقریباً 20 افراد کو بچا لیا گیا ہے تاہم عمارت کے ملبے تلے تقریبا 20 تا 25 لوگوں کے دبے ہونے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس (این ڈی آر ایف) کے ڈائریکٹر جنرل نے ایک ٹوئٹ کرکے بتایا کہ 20-25 لوگوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔  ان کا پتہ لگانے کے لیے جاسوس کتوں کی مدد لی جارہی ہے اور جدید ترین آلات استعمال کیے جارہے ہیں۔  این ڈی آر ایف نے مزید ٹیمیں جائے حادثہ پر بھیج دی ہیں۔

بھیونڈی میونسپل کارپوریشن نے آٹھ لوگوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔  یہ حادثہ پیر کی صبح تقریباً ساڑھے تین بجے ہوا، جب لوگ گہری نیند میں سور رہے تھے۔ 

میڈیا رپورٹوں کے مطابق پٹیل کمپاونڈ میں واقع تین منزلہ عمارت کے ملبے سے ایک بچے کو محفوظ طور پر نکال لیا گیا ہے۔  گیارہ دیگر لوگوں کو بھی بچالیا گیا ہے۔ حادثے میں نو لوگوں کوچوٹیں آئی ہیں۔ یہ عمارت تقریباً 40 سال پرانی بتائی جارہی ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا”مہاراشٹر کے بھیونڈی میں عمارت کے منہدم ہونے کے واقع سے میں غمزدہ ہوں۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔"  انہوں نے مزید لکھا ” راحت اور بچاو کا کام جاری ہے اور متاثرین کو تمام ممکنہ امداد فراہم کی جارہی ہے۔“


خیال رہے کہ اس سے قبل 24 اگست کو مہاراشٹر کے رائے گڑھ ضلع کے مہاڈ میں ایک پانچ منزلہ عمارت منہدم ہوگئی تھی۔  اس حادثے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ پولیس نے عمارت بنانے والے بلڈر کو اس ماہ کے اوائل میں گرفتار کرلیا تھا۔

بھارت میں ناقص اور غیر معیاری تعمیراتی ساز و سامان کے استعمال نیز ضابطوں کو نظر انداز کرکے عمارتوں کی تعمیر کی وجہ سے اکثر حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔

نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2017 میں ملک بھر میں 1161 عمارتوں کے منہدم ہونے کی وجہ سے 1200 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

دہلی میں بھی عمارت منہدم

دریں اثنا قومی دارالحکومت دہلی میں بھی آج صبح ایک دو منزلہ زیر تعمیر عمارت منہدم ہوگئی۔ حالانکہ ابھی تک کسی کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ یہ حادثہ پرانی دہلی کے بازار سیتا رام علاقے میں پیش آیا۔

خیال رہے کہ بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کی کملا نہرو کے ساتھ شادی بازار سیتا رام میں ہی واقع ایک حویلی میں ہوئی تھی۔

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید