1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں آوارہ کتوں کے مسئلے پر عدالت کا غیر معمولی فیصلہ

جاوید اختر، نئی دہلی
15 نومبر 2023

پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ آوارہ جانوروں کے حملوں کے متاثرین کو معاوضہ ادا کرنا ''بنیادی طورپر ریاست کی ذمہ داری" ہو گی۔ کتوں کے حملے میں صنعتکار پراگ ڈیسائی کی ہلاکت سے ملک میں بحث کا نیا دور شروع ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4YoiB
Symbolbild Hund Tollwut
تصویر: Fotlolia/Michael Ireland

پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے فیصلے سے ایک اہم نظیر قائم ہوجانے اور بھارت میں ایک بڑی بحث شروع ہوجانے کا امکان ہے۔ ہائی کورٹ نے ریاست پنجاب، ہریانہ اور مرکز کے زیرانتظام علاقے چنڈی گڑھ کو حکم دیا ہے کہ وہ ایک کمیٹی قائم کریں جو آوارہ جانوروں بشمول کتوں کی وجہ سے ہونے والے حادثات یا ان کے حملوں سے متاثرہ افراد کو معاوضہ ادا کرنے کا فیصلہ کرے۔

عدالت نے کیا کہا؟

پنجاب وہریانہ ہائی کورٹ نے عدالت نے آوارہ جانوروں کے حملوں کے متعلق 193 عرضیوں کی سماعت کرتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا۔

 عدالت نے کہا کہ آوارہ جانوروں مثلاً کتوں اور مویشیوں کے حملوں کے معاملات میں معاوضہ ادا کرنے کے لیے بنیادی طورپر ریاست ذمہ داری ہو گی۔

 عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ کتے کے کاٹنے کے معاملے میں ہر ایک دانت کے نشان کے بدلے میں کم از کم دس ہزار روپے اور فی 0.2سینٹی میٹرکے زخم یا گوشت باہر آجانے پر کم از کم بیس ہزار روپے کے حساب سے معاوضہ ادا کیا جائے۔

ریبیز خطرناک ہے، بہت احتیاط کریں

عدالت نے کہا، "ریاست بنیادی طورپر معاوضہ ادا کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔ ریاست کویہ رقم قصوروار ایجنسیوں، ریاستی اداروں یا نجی شخص (اگر کوئی ہے) سے وصول کرنے کا حق ہو گا۔"

عدالت نے کتوں کے علاوہ گائے، بیل، گدھے، نیل گائے، بھینس جیسے جانور اور جنگلی اور پالتوکے علاوہ آوارہ جانوروں کو بھی اس فہرست میں شامل کیا۔ عدالت نے معاوضے کا تعین کرنے کے لیے ضلعی ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا جس میں پولیس سپرنٹنڈنٹ، متعلقہ علاقے کا ایس ڈی ایم، ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ افسر اور چیف میڈیکل افسر شامل ہوں گے۔

جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس کے دوران دہلی میں ہزاروں آوارہ کتوں کوزبردستی پکڑ کر بند کردیا گیا تھا،جس پر بعض حلقوں نے کافی ناراضگی ظاہر کی تھی
جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس کے دوران دہلی میں ہزاروں آوارہ کتوں کوزبردستی پکڑ کر بند کردیا گیا تھا،جس پر بعض حلقوں نے کافی ناراضگی ظاہر کی تھیتصویر: Manish Swarup/AP/picture alliance

دور رس اہمیت کا حامل فیصلہ

یہ فیصلہ بھارت میں آوارہ کتوں کی لعنت پر جاری زبردست بحث کے درمیان آیا ہے۔ معروف صنعت کار اور واگھ بکری گروپ کے ڈائریکٹر 49 سالہ پراگ ڈیسائی کی موت نے بحث کا ایک نیا دور شروع کردیا تھا۔ ڈیسائی کی موت مبینہ طورپر آوارہ کتوں کا پیچھا کرنے کے بعد گرجانے سے برین ہیمرج کی وجہ سے ہوئی تھی۔

اس واقعے کے فوراً بعد آوارہ کتوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ تیز ہوگیا۔ صارفین نے سوشل میڈیا پر ایسے متعدد ویڈیو ز پوسٹ کیں جن میں جانوروں بالخصوص کتوں کے حملوں میں بچوں سمیت دیگر افراد کی ہلاکت اور زخمی ہونے کے واقعات دکھائے گئے تھے۔

ایسے واقعات پر بڑھتی ہوئی عوامی ناراضگی کی وجہ سے جانوروں پر ظلم کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔

کتوں کے کاٹنے سے بچوں کی موت کا بدلہ ، تیرہ کتے مار ڈالے

یہ فیصلہ اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ جانوروں کی بہبود کی تنظیمیں آوارہ کتوں کے متعلق مقامی انتظامیہ کی کارروائیوں کی مخالفت کرتی رہی ہیں۔ آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ ان کی نس بندی اور ویکسینیشن جیسے کئی اقدامات کرتی ہے۔

جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس کے دوران دہلی میں ہزاروں آوارہ کتوں کوزبردستی پکڑ کر بند کردیا گیا تھا،جس پر بعض حلقوں نے کافی ناراضگی ظاہر کی تھی۔

آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ ان کی نس بندی اور ویکسینیشن جیسے کئی اقدامات کرتی ہے
آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ ان کی نس بندی اور ویکسینیشن جیسے کئی اقدامات کرتی ہےتصویر: HARDIK CHHABRA

ریبیز ایک بڑا مسئلہ

جانوروں کے کاٹنے کے واقعات دنیا بھر میں صحت عامہ کا ایک اہم مسئلہ ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے اندازے کے مطابق ریبیز سے سالانہ 55000 افراد ہلاک ہوجاتے ہیں ان میں 36 فیصد اموات بھارت میں ہوتی ہیں۔

بھارتی پارلیمان میں پیش کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں سن 2019 سے 2022 کے درمیان آوارہ کتوں کے کاٹنے کے تقریباً 16ملین یعنی روزانہ اوسطاً دس ہزار کیسز درج کیے گئے۔ تاہم اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ بتائی جاتی ہے۔

سن 2022 میں بھارت میں کتوں کے کاٹنے سے 307 افراد ہلاک ہوئے، سب سے زیادہ 48 کیسز دہلی میں درج کیے گئے۔

ماہرین اور سماجی کارکن آوارہ کتوں حتیٰ کہ بعض اوقات میں پالتوں کتوں کے کاٹنے اوربچوں کو مارنے کے بڑھتے ہوئے واقعات سے حیران ہیں۔

حیوانوں میں وائرس کی آٹھ لاکھ اقسام سے انسانوں کو خطرہ

انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کی مرکزی ورکنگ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر شرد گپتا کا کہنا تھا کہ بھارت میں جانوروں بشمول کتوں کے کاٹنے اور ریبیز کے کیسز کی وجہ سے ہونے والی تمام اموات کو محفوظ اور کارآمد ریبیز ویکسین سے روکا جاسکتا ہے لیکن بعض وجوہات اور اسباب کی بنا پر یہ کوششیں اب تک ناکام رہی ہیں۔

کراچی میں آوارہ کتوں کا ’بہیمانہ قتل‘

 جاوید اختر، نئی دہلی