1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں یورینیم کے نئے ذخائر دریافت

19 جولائی 2011

بھارت کے ایک سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کے جنوبی بھارت میں یورینیم کے ذخائر دریافت ہوئے۔ یہ دنیا کے سب سے بڑے ذخائر ہو سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/11zFY
بھارت میں جوہری توانائی ملکی ضرورت کا محض تین فیصد پورا کرتی ہے
بھارت میں جوہری توانائی ملکی ضرورت کا محض تین فیصد پورا کرتی ہےتصویر: AP

جوہری توانائی کے محکمے کے سیکرٹری شری کمار بینرجی نے چار سال تک جاری رہنے والے ایک سروے کے حوالے سے رپورٹرز کو بتایا کے آندھرا پردیش کی تومالاپالی کان میں تقریباﹰ 150،000 ٹن یورینم موجود ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا ’’اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ اس علاقے میں 49،000 ٹن یورینیم موجود ہے، جبکہ امکان ہے کہ اس کی کل مقدار تین گُنا زیادہ ہو سکتی ہے۔ اور اگر یہ بات سچ ہو گئی تو یہ دنیا کا سب سے بڑا یورینیم ذخائر ہو سکتے ہیں۔‘‘

جنوبی بھارت میں آندھرا پردیش
جنوبی بھارت میں آندھرا پردیش

سابقہ تخمینوں کے مطابق اس کان میں صرف 15،000 ٹن یورینیم کا اندازہ لگایا گیا تھا۔ اس مائن میں سال کے آخر تک کام شروع کیا جائے گا۔ تومالاپالی میں پائے جانے یورینیم کے معیار کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔ یہ ایک بہت اہم بات ہے کیونکہ بھارت میں اس سے قبل دریافت ہونے والا یورینیم فرانس، قازقستان اور روس کے یورینیم سے کمتر ہے۔

تاہم شری کمار بینرجی کا یہ بھی کہنا ہے، ’’ان نئے ذخائر سے یورینیم کے حصول کے باوجود ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے یورینیم درآمد کرنا ہو گا۔‘‘

جوہری توانائی کے محکمے کے سیکرٹری شری کمار بینرجی
جوہری توانائی کے محکمے کے سیکرٹری شری کمار بینرجیتصویر: dapd

بھارت میں جوہری طاقت کے ذریعے حاصل کی جانے والی توانائی ملکی ضرورت کا محض تین فیصد پورا کرتی ہے، لیکن حکومت 2050 تک اس کو 25 فیصد تک بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ بھارت میں کافی عرصے سے یورینیم کے نئے ذخائر کی تلاش جاری تھی۔ اس کی ضرورت اس لیے بھی دوچند ہوگئی تھی کیونکہ آسٹریلیا کی طرف سے بھارت کو جوہری ایندھن کی فراہمی روک دی گئی تھی۔ آسٹریلیا کے اس فیصلے کی وجہ بھارت کی طرف سے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط نہ کرنا ہے۔

رپورٹ: راحل بیگ / سائرہ ذوالفقار

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں