بھارت نے اکتیس مصنوعی سیارے خلا میں روانہ کر دیے
23 جون 2017خبر رساں ادارے روئٹرز سے موصولہ رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست سری ہری کوٹا کے مقام سے آج بروز جمعہ خلا میں چھوڑا جانے والا مصنوعی سیارہ بردار راکٹ آج صبح بھارت کے علاوہ مزید چودہ ممالک کے لیے، جن میں چند یورپی ممالک بھی شامل ہیں، خلائی خدمات مہیا کرنے والے سیارے لے کر روانہ ہوا۔ ان یورپی ممالک میں آسٹریا، بیلجیم، سلوواکیہ، لیٹویا اور لیتھوینیا شامل ہیں۔ ان سیاروں کی بدولت عمدہ کوالٹی والی زمینی تصاویر حاصل کی جا سکیں گی۔
سری ہری کوٹا کا جزیرہ اُن دو مقامات میں سے ایک ہے جو بھارتی خلائی تحقیقی ادارہ ’آئی ایس آر او‘ خلا میں سیٹلائٹ چھوڑنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اس موقع پر اسرو کے نام اپنے ایک تہنیتی ٹوئٹ پیغام میں لکھا، ’’ آپ ہمارے لیے باعثِ افتخار ہیں،‘‘ مودی حکومت ملکی خلائی پروگرام کو کم لاگت والے ٹیکنالوجی پروگرام کی حیثیت سے فروغ دے رہی ہے۔
رواں برس فروری میں اسرو نے ایک ہی پروگرام کے تحت 104 مصنوعی سیارے خلا میں چھوڑے تھے جن میں سے زیادہ تر غیر ملکی گاہکوں کے لیے تھے۔ اس قبل رواں ماہ کے آغاز میں بھارت نے اپنے خلائی پروگرام کے تحت ملک میں ہی بنائے گئے سب سے طاقتور راکٹ کو خلا میں بھیجا تھا۔