تامل ٹائیگرز کے خلاف آپریشن: شہری ہلاکتوں کا پہلی بار حکومتی اعتراف
2 اگست 2011یکم اگست کو جاری ہونے والی رپورٹ بعنوان ’’انسانی بنیادوں پر آپریشن، حقیقت پر مبنی تجزیہ‘‘ میں دعوٰی کیا گیا ہے کہ سرکاری فورسز نے گنجان آباد علاقوں پر توپخانے سے گولہ باری نہیں کی حالانکہ اس کا ثبوت موجود ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری فورسز نے جنگ کے آخری مہینوں میں شہری ہلاکتوں سے مکمل طور پر بچنے کی پالیسی اپنا رکھی تھی تاہم اتنے بڑے پیمانے پر ہونے والی لڑائی میں اس سے بچنا ناممکن ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کے ایشیا ڈائریکٹر بریڈ ایڈمز نے کہا، ’’سری لنکا کی حکومت نے بالآخر یہ تسلیم کر لیا ہے کہ لڑائی کے آخری مہینوں میں اس کی فورسز کے ہاتھوں شہری ہلاکتیں ہوئی ہیں مگر اس نے ان کی کوئی ذمہ داری قبول نہیں کی۔‘‘ تنظیم نے کہا کہ رپورٹ میں تامل ٹائیگرز کے ہاتھوں لوگوں کو انسانی ڈھال بنانے، اپنے علاقوں سے فرار ہونے والے شہریوں پر فائرنگ اور دیگر زیادتیوں کا تو تذکرہ ہے مگر شہری ہلاکتوں میں سری لنکا کی فوج کے کردار کو بالکل نظر انداز کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ رپورٹ میں سرکاری فوجیوں کے ہاتھوں من مانے طریقے سے تامل ٹائیگرز کے قتل کے الزامات کا بھی کوئی ذکر نہیں کیا گیا حالانکہ اس کی ویڈیو شہادتیں موجود ہیں۔
ہیومن رائٹس واچ کے ایشیا ڈائریکٹر نے کہا کہ اگرچہ رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ فوجی کمانڈروں نے اہداف کو دیکھنے کے لیے بنا پائلٹ ڈرون طیاروں سے کھینچی ہوئی تصاویر پر انحصار کیا مگر اسپتالوں اور دیگر شہری مراکز پر گولہ باری سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہیں قصداﹰ نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں سری لنکا کی حکومت کی جانب سے اپنی فوج کے ہاتھوں مبینہ جنگی جرائم کی تحقیقات کی ناکافی معلومات ملتی ہیں۔ رپورٹ میں سن 2005 سے سن 2010 کے دوران ملک کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں سری لنکا کی فوج کے ہاتھوں اہم جرائم کا ذکر ہے اور قتل، زنا بالجبر اور جنسی زیادتی کے الزامات میں آٹھ افراد کو سزا دی گئی ہے مگر یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا یہ جرائم فوجی کارروائیوں کے دوران ہوئے یا پھر یہ عام دنوں میں ہونے والے جرائم تھے۔
ہیومن رائٹس واچ نے جنگ میں دونوں فریقوں کی جانب سے جنگی قوانین کی خلاف ورزیوں کی خود مختار بین الاقوامی تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
بریڈ ایڈمز نے کہا کہ یہ رپورٹ سری لنکا کی حکومت کی جانب سے دنیا کو اس بات پر قائل کرنے کی ایک کمزور کوشش ہے کہ سرکاری فورسز نے تامل ٹائیگرز کے خلاف لڑائی میں جنگی جرائم کا ارتکاب نہیں کیا۔
رپورٹ: حماد کیانی
ادارت: عدنان اسحاق