1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'جاٹ اور پنجابی ذہنی طور پر کمزور ہوتے ہیں' بی جے پی رہنما

صلاح الدین زین ڈی ڈبلیو بھارت
21 جولائی 2020

بھارتی ریاست تری پورہ کے وزیر اعلی بپلب دیب نے پنجابی اور جاٹ برادری سے متعلق اپنے اس متنازعہ بیان پر معذرت پیش کی ہے جس میں انہوں نے جاٹوں اور پنجابیوں کو ذہنی طور پر کمزور بتایا تھا۔

https://p.dw.com/p/3fdUd
Indien Biplab Kumar Deb Chief Minister Bundesstaat Tripura
تصویر: Getty Images/AFP/A. Dey

بھارت کی شمال مشرقی ریاست تری پورہ کے وزیر اعلی بپلب کمار دیب کا کہنا نے کہ انہوں نے ہریانہ کی جاٹ اور پنجابی برادری سے متعلق جو متنازعہ باتیں کہی تھیں اس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے بیان کا مقصد کسی بھی برادری کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔ بپلب دیب کا کہنا تھا کہ جاٹوں اور پنجابیوں کے مقابلے میں بنگالی قوم کافی ذہین ہوتی ہے۔ ان کے اس بیان پر کئی جاٹ اور پنجابی رہنماؤں نے ناراضگی ظاہر کی تھی اور کہا تھا کہ اگر انہوں نے معافی نہیں مانگی تو ان کے خلاف کیس درج کیا جائےگا۔ 

بپلب دیب نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ریاستی دارالحکومت اگرتلا کے پریس کلب میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران انہوں نے جو کچھ بھی کہا تھا وہ محض کچھ افراد کے خیالات تھے۔ انہوں نے لکھا، "میں نے اپنے پنجابی اور جاٹ بھائیوں کے بارے میں کچھ لوگوں کے خیالات کا ذکر کیا تھا۔ میرے تاثرات کا مقصد کسی بھی معاشرے کو تکلیف پہنچانا نہیں تھا۔ مجھے پنجابی اور جاٹ دونوں برادریوں پر فخر ہے۔ میں خود ان کے درمیان ایک طویل عرصے تک رہا ہوں۔"

اس سے قبل پریس کلب کے ایک پروگروام میں انہوں نے کہا تھا، "اگر ہم پنجاب کے لوگوں کے بارے میں بات کریں تو ہم کہتے ہیں کہ وہ ایک پنجابی ہے ، ایک سردار! سردار کسی سے نہیں ڈرتا ہے۔ وہ بہت مضبوط ہوتے ہیں لیکن ان میں دماغ کم ہوتا ہے۔کوئی بھی انہیں طاقت کے زر پر نہیں بلکہ تیار و محبت جیت سکتا ہے۔"

Indien Biplab Kumar Deb Chief Minister Bundesstaat Tripura
بھارتیہ جنتا پارٹی کے نوجوان رہنماجب سے تری پورہ کے وزیر اعلی کے عہدے پر فائز ہوئے ہیں، کئی بار اپنے متنازعہ بیانات کے سبب سرخیوں میں رہ چکے ہیںتصویر: Imago/Hindustan Times

اس کے بعد انہوں نے ہریانہ کے جاٹوں کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "میں آپ کو ہریانہ کے جاٹوں کے بارے میں بتاتا ہوں۔ تو لوگ جاٹوں کے بارے میں کیسے بات کرتے ہیں۔ کہتے ہیں کہ جاٹ کم ذہین ہوتے ہیں تاہم جسمانی طور پر وہ صحت مند ہوتے ہیں۔ اگر آپ کسی جاٹ کو چیلنج کریں گے تو وہ اپنی بندوق گھر سے باہر لے آئے گا۔"

بلپ دیب خود بنگالی ہیں اور پنجابیوں و جاٹ برادری پر بات چیت کے بعد انہوں نے بنگالی برادری کی خوبیوں کو کچھ اس انداز میں بیان کیا۔ "بنگالی بہت ذہین سمجھے جاتے ہیں اور بھارت میں ذہانت ان کی شناخت ہے۔ جس طرح ہر طبقے کی ایک خاص پہچان اور کردار ہوتا ہے بنگالیوں کی شناخت ذہانت ہے۔"

کانگریس پارٹی نے ان کے اس بیان کو سوئے قست اور شرمناکی سے تعبیر کیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ بپلب دیب نے، "پنجاب کے سکھ بھائیوں اور ہریانہ کے جاٹوں کی توہین کی ہے۔ یہ بی جے پی کی نچلی ذہنیت کی عکاس ہے۔ ہریانہ کے وزیر اعلی آخر خاموش کیوں ہیں؟  مودی اور بی جے پی صدر نڈا جی کہاں ہیں؟

بھارتیہ جنتا پارٹی کے نوجوان رہنماجب سے تری پورہ کے وزیر اعلی کے عہدے پر فائز ہوئے ہیں، کئی بار اپنے متنازعہ بیانات کے سبب سرخیوں میں رہ چکے ہیں۔ گزشتہ برس انہوں نے کہا تھا کہ مغل حمکرانوں کی نیت تھی کہ وہ بمباری کر کے ہندو تہذیب و ثقافت کو بھارت سے مٹا کر رکھ دیں۔ 2018 میں انہوں نے کہا تھا کہ ہزاروں برس قبل جب مہا بھارت کی جنگ ہوئی تھی تو اس وقت بھی انٹرنیٹ ہوا کرتا تھا۔ ایک بار انہوں نے عالمی مقابلہ حسن کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سب فرضی مقابلے ہوتے ہیں ورنہ ڈائنا ہیڈین جیسی بھارتی لڑکی کو یہ خطاب کیسے مل سکتا تھا۔  

بھارت میں ماضی کا فیض آباد، آج آیودھیا میں تبدیل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں