جرمن خواتین کی فٹ بال ٹیم، ورلڈ چیمپئن کے لیے فیورٹ
22 جون 2011آخری مرتبہ جرمن خواتین کی فٹ بال ٹیم اکتوبر سن 2007 میں ورلڈ چیمئین بننے میں کامیاب ہوئی تھی۔ دفاعی چیمپئن جرمنی کو ایک مرتبہ پھر فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹاپ فائیو فیورٹ میں امریکہ اور برازیل کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔
جرمن خواتین کی فٹ بال ٹیم کی قومی کوچ سلویہ نائیڈ کہتی ہیں، ’’ہماری ٹیم میں اس مرتبہ نئی اور تجربہ کار خواتین کھلاڑی دونوں شامل ہیں۔ ہماری کھلاڑیوں کی اوسطاﹰ عمر 26 برس ہے اور یہ خوبی ورلڈ چیمپئن بننے میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہے۔‘‘
جرمنی کے گزشتہ دو مرتبہ ورلڈ چیمپئن بننے میں خاتوں کھلاڑی Ariane Hingst کا اہم کردار رہا۔ وسیع تجربہ رکھنے والی یہ کھلاڑی اس مرتبہ بھی جرمن ٹیم میں شامل ہیں۔ ان کے مطابق جرمن ٹیم کی کامیابی نئے اور پرانے کھلاڑیوں کے درمیان ہم آہنگی سے کھیلنے میں چھپی ہوئی ہے۔
نئی کھیلاڑیوں میں 23 سالہ Fatmire Bajramaj بھی شامل ہیں۔ یہ جرمنی میں اس وجہ سے مشہور ہیں کہ کئی ٹیلی وژن اشتہاروں کے لیے بطور ماڈل بھی کام کرتی ہیں۔ جرمن خواتین کھلاڑیوں کو جہاں ہوم گراؤنڈ کا فائدہ حاصل ہو گا، وہاں ان پر ورلڈ کپ جیتنے کے لیے دباؤ بھی شدید ہو گا۔ جرمن شہر ہیمبرگ سے تعلق رجھنے والی 21 سالہ Kim Kulig کا کہنا ہے، ’’ہم جرمنی کی قومی ٹیم ہیں۔ ہم پر جیت کے لیے ہمیشہ ہی دباؤ رہتا ہے۔ ہر کوئی ہم سے فتح کی توقع رکھتا ہے۔ اب ہمیں معلوم ہے کہ دباؤ کا سامنا کس طرح کرنا ہے۔‘‘
اگلی اتوار یعنی 26 جون سے جرمنی میں خواتین فٹ بال کے چھٹے ورلڈ کپ کا آغاز ہو گا۔ اس عالمی ٹورنامنٹ کا فائنل میچ سترہ جولائی کو کھیلا جائے گا۔
جرمنی میں کھیلے جانے والےخواتین فٹ بال کے ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب جرمن دارالحکومت برلن کے اولمپیا اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی۔ اگلے مہینے کی سترہ تاریخ کو کھیلا جانے والا فائنل میچ فرینکفرٹ شہر میں شیڈیول ہے۔ ویمن فٹ بال ورلڈ کپ کے میچ آؤگس برگ، بوخم، برلن، ڈریزڈن، لیورکوزن، فرینکفرٹ، مؤنشن گلاڈ باخ اور وولفس برگ شہروں کے خوبصورت میدانوں میں کھیلے جائیں گے۔
رپورٹ: امتیاز احمد
ادارت: عابد حسین