1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن چانسلر کا خليجی ممالک کا دورہ، توانائی کے نئے معاہدے

25 ستمبر 2022

جرمن چانسلر اولاف شولس کا دورہ خليج آج اتوار کو اختتام پذير ہو رہا ہے۔ ابو ظہبی ميں انہوں نے عنديہ ديا کہ امارات کے ساتھ ڈيزل اور گيس کے کئی منصوبوں پر مثبت پيش رفت ہوئی ہے البتہ کسی ٹھوس ڈيل کا اعلان نہيں کيا گيا۔

https://p.dw.com/p/4HJVp
Bundeskanzler Scholz reist in die Golf-Region und trifft Scholz Kronprinz Salman
تصویر: Saudi Press Agency /AP/picture alliance

جرمن چانسلر اولاف شولس نے کہا ہے کہ ان کا ملک توانائی کے حصول کے ليے کسی ايک سپلائر پر بھاری دارومدار کی غلطی سدھارنے کے ليے پر عزم ہے۔ شولس نے کہا کہ ايسی کوتاہی دوبارہ نہيں ہو گی۔ انہوں نے يہ بات اپنے دورہ خليج کے دوران متحدہ عرب امارات ميں کہی۔

توانائی کا بحران جرمن چانسلر کو خلیج کے در تک لے آیا

یورو گزشتہ دو دہائیوں کی کم ترین سطح پر

توانائی کا بحران: تاریک شہر ہمارے لیے فائدہ مند کیسے؟

یورپی یونین: بجلی کی بڑھتی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کی کوشش

شولس نے اماراتی دارالحکومت ابو ظہبی ميں اتوار 25 ستمبر کو بتايا کہ توانائی کے حصول کے ليے امارات سے بات چيت ميں مثبت پيش رفت ہوئی ہے۔ جرمن چانسلر کے بقول ڈيزل اور گيس کی پروڈکشن اور خريداری کے کئی منصوبوں پر پيش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے بتايا، ''جرمنی ميں اس وقت ہم جو سرمايہ کاری کر رہے ہيں، اس کا فائدہ ہميں آئندہ برس ايک ايک کر کے دکھائی دے گا۔ نتيجتاً جرمنی ميں گيس کی درآمد کے ليے بنيادی ڈھانچہ موجود ہو گا تاکہ ہم پائپ لائن کی دوسری جانب ايک ہی سپلائر پر مکمل انحصار نہ کريں۔‘‘

جرمنی کو درپیش توانائی کا شدید بحران

واضح رہے کہ جرمنی کو ان دنوں يوکرينی جنگ کے تناظر ميں توانائی کے سنگين بحران کا سامنا ہے۔ ايسے ميں چانسلر شولس نے خلیجی ممالک کا یہ دو روزہ دورہ کیا ہے۔ وہ سعودی عرب، امارات اور قطر کے دورے پر ہيں، جہاں وہ توانائی کے حصول کے ليے نئے معاہدے کرنے کی کوششوں ميں ہيں۔

قبل ازيں ہفتے کو اولاف شولس نے جدہ ميں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ فی الحال اس ملاقات کی تفصيلات جاری نہيں کی گئی ہيں۔ شولس نے البتہ ايک سوال کے جواب ميں کہا کہ سعودی ولی عہد سے انسانی حقوق سميت تمام امور پر تبادلہ خيال ہوا ہے۔ جرمن چانسلر پر اس سلسلے ميں کافی دباؤ تھا کہ وہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے تناظر ميں انسانی حقوق سے متعلق تحفظات کا سعودی ولی عہد سے کھل کر اظہار کريں۔ جرمن حکومت کا البتہ اصرار ہے کہ محمد بن سلمان کے ساتھ کاروباری معاملات کے ليے مکالمت اور ايک 'ورکنگ ریليشن شپ‘ وقت کی ضرورت ہے۔

امارات ميں شولس کی مصروفيات

ابو ظہبی کے مختصر دورے پر جرمن چانسلر نے ميزبان ملک کی موسمياتی تبديليوں سے متعلق وزیر مريم المہری کے ہمراہ ايک ماحوليانی منصوبے کا دورہ کيا۔ المہری نے بتايا کہ اتوار کو جرمن چانسلر کے ساتھ انرجی سکيورٹی کے علاوہ موسمياتی تبديليوں کے اثرات سے نمٹنے کی کوششوں اور اقتصادی نمو پر بھی بات چيت ہوئی۔

آج اتوار کو ہی جرمن چانسلر گيس سے مالا مال ملک قطر کے دورے پر پہنچ رہے ہيں، جہاں وہ امير تمام بن حماد الثانی سے ملاقات کر رہے ہيں۔ فرانسیسی کمپنی 'ٹوٹال انرجيز‘ نے ايک روز قبل ہی قطر کے ساتھ ڈيڑھ بلين ڈالر ماليت کی ايک ڈيل کو حتمی شکل دی ہے۔

ماحول دوست توانائی سے چلنے والا جرمن گاؤں

ع س/ا ب ا (اے ایف پی)