جرمن چانسلر یورو زون اجلاس کی کامیابی کے لیے پر امید
18 جولائی 2011جرمن چانسلر نے یورپ کے مالیاتی بحران، بالخصوص یونان کی خستہ اقتصادی صورت حال کے تناظر میں بلائے جانے والے یورو زون کے اجلاس کی کامیابی کی امید ظاہر کی ہے۔ جرمن دارالحکومت برلن سے جاری کردہ ایک بیان میں چانسلر میرکل کا کہنا تھا کہ یورو کو اپنی تاریخ کے سنگین ترین بحران کا سامنا ہے، تاہم وہ اس سے نبرد آزما ہونے میں کامیاب ہو جائے گا۔
انگیلا میرکل کا کہنا تھا: ’’جرمن حکومت جمعرات کو ہونے والے اجلاس کی ہر سطح پر تیاری کر رہی ہے تاکہ اجلاس کا اچھا نتیجہ سامنے آئے اور مارکیٹوں کو ایک واضح پیغام مل سکے۔‘‘
چانسلر میرکل کے ترجمان اشٹیفن زیبیرٹ کا کہنا تھا کہ اس مسئلے پر قابو پا لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ جمعہ کے روز یورپی یونین کے صدر ہرمان فان رومپوئے نے اس ہفتے جمعرات کے روز یورو زون میں شامل ممالک کا سربراہی اجلاس بلانے کا اعلان کیا تھا۔
یورپی ممالک یونان، آئرلینڈ اور پرتگال کو اقتصادی بحران سے نمٹنے کے لیے یورپی یونین کی جانب سے بیل آؤٹ پیکج کی ضرورت ہے۔ ماہرین معیشت کے مطابق اٹلی اور اسپین بھی معاشی بحران کا شکار ہو سکتے ہیں۔ ایسی صورت حال میں یورپی یونین کے مذاکرات اور کوششیں جاری ہیں۔ جرمنی سے، جو کہ یورپ کی سب بڑی اور انتہائی مضبوط معیشت ہے، یورپی یونین کو کافی امیدیں ہیں۔ اس سے قبل بھی یورپی یونین کی خستہ حال معیشتوں کے استحکام کے لیے جاری کی جانے والی امدادی رقوم میں جرمنی کا ایک بڑا حصہ رہا ہے۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: افسر اعوان