جرمن ڈیٹنگ ایپ محفوظ ہے، کمپنی کا دعویٰ
10 اگست 2019جرمن ڈیٹنگ ایپ Lovoo کے صارفین کی تعداد تقریبا چھ ملین کے قریب بنتی ہے۔ اس ایپ کی مدد سے خواتین اور مرد ایک دوسرے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس ایپ کے صارفین ایک دوسرے سے چیٹ کر سکتے ہیں اور ساتھ ہی طویل المدتی بنیادوں پر یا ون نائٹ اسٹینڈ قائم کر سکتے ہیں۔ اس ایپ کی منتظم کمپنی کے مطابق اس پلیٹ فارم پر جنسی یا نفسیاتی تسکین کی خاطر متعدد آپشنز موجود ہیں۔
حال ہی میں صحافیوں نے ایک تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اس ایپ کے صارفین ایک دوسرے کے ڈیٹا تک آسانی کے ساتھ رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ وہ یہ دیکھ سکتے ہیں کہ کوئی صارف کہاں رہتا ہے اور کہاں کام کرتا ہے۔
پبلک براڈ کاسٹر Bayerischer Rundfunk کے مطابق صحافیوں کی ایک ٹیم نے اس ایپ کے ایسے صارفین کی لوکیشن معلوم کر لی، جو تیس یا پچاس میٹر دور کہیں موجود تھے۔ اس مقصد کی خاطر انہوں نے جیو میٹرک پیمائش کا آسان سا طریقہ استعمال کیا۔
اس رپورٹ کے شائع ہونے کے بعد ایسے تحفظات پیدا ہو گئے ہیں کہ اس ڈیٹنگ ایپ کے صارفین کی سلامتی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ ایسا خوف بھی پیدا ہوا ہے کہ ان صارفین کی لاعلمی میں بھی انہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
اس ایپ میں راڈار کا ایک ایسا نظام ہے، جس کی مدد سے یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مخصوص علاقے میں اس ایپ کے صارفین کہاں کہاں موجود ہیں۔ اس فنکشن کا مقصد صارفین کو ایک دوسروں کی لوکیشن کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ آسانی کے ساتھ اپنے قریبی علاقوں میں دیگر صارفین کی موجودگی کا پتہ چلا سکیں۔
اس ڈیٹنگ ایپ کی مالک کمپنی نے اس رپورٹ کے بعد کہا کہ اسے ایسی کوئی معلومات نہیں کہ صارفین کو کوئی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ایک بیان کے مطابق، ''اپنے صارفین کے ڈیٹا کو محفوظ بنانے کی خاطر متعدد قسم کی ٹیکلنیکل اور انتظامی نظام بنائے گئے ہیں۔‘‘
اس کمپنی کے مطابق اس ایپ کے کسی بھی صارف کے درست مقام کے بارے میں پتا نہیں چلایا جا سکتا ہے۔ مزید کہا گیا کہ صارفین کو صرف ایسے سگنلز موصول ہوتے ہیں، جن سے وہ دیگر صارفین کے کسی علاقے میں موجود ہونے کے بارے میں علم حاصل کر سکتے ہیں۔ لیکن ایک دوسرے کی درست لوکیشن کے بارے علم حاصل کرنے کی خاطر دونوں صارفین کا رضا مند ہونا ضروری ہے۔