1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

جرمن ایئر لائن لفتھانزا ’’گلوبل آئی ٹی بریک ڈاؤن‘‘ کا شکار

15 فروری 2023

تکنیکی خرابی کے باعث جرمنی کی قومی ایئر لائن لفتھانزا کی فضائی ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اس کے اثرات عالمی سطح پر مرتب ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4NWNp
IT-Ausfall bei Lufthansa
تصویر: Kai Pfaffenbach/REUTERS

 

ڈوئچےلفتھانزا کی فضائی ٹریفک کو شدید تکنیکی خرابی کا سامنا ہے۔  بظاہر، کئی کمپیوٹرز میں نقص آنے کے سبب اب یہ سسٹم کام نہیں کر رہا ہے اور دنیا بھر میں اس کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ جرمنی کا ایک مرکزی ہوائی اڈہ 'فرینکفرٹ ایئرپورٹ‘ بند رہے گا۔

ڈوئچے لفتھانزا کے اس ''گلوبل آئی ٹی بریک ڈاؤن‘‘  کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کو پروازوں کی تاخیر اور منسوخی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جرمنی کی قومی ایئر لائن لفتھانزا کے کمپوٹر سسٹم میں یہ نقص بدھ کی صبح پیدا ہوا جس کے سبب بورڈنگ کے لیے کمپیوٹر سسٹم اور دیگر تکنیکی کام مکمل طور پر بند رہے۔ فرینکفرٹ آم مائن کے ہوائی اڈے پر لفتھانزا کی ایک ترجمان کے مطابق، ان کا عملہ اس بڑے تکنیکی نقص کو دور کرنے اور ان مسائل کے حل پر پوری شدت سے کام کر رہے ہیں۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک 'بحرانی ٹیم‘ تشکیل دی گئی ہے جس کے اراکین نے ہوائی اڈے پرلفتھانزاکے ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی۔

IT-Ausfall bei Lufthansa
تمام فلائٹس منسوختصویر: Kai Pfaffenbach/REUTERS

اس تکنیکی خرابی کے نتیجے میں اب تک نامعلوم تعداد میں پروازیں تاخیر کا شکار یا منسوخ ہو چکی ہیں۔ میونخ اور فرینکفرٹ ہوائی اڈے پر مسافروں اور طیاروں کا رش لگا ہوا ہے۔ مسافروں کی درج شدہ کاغذی فہرست میں ان کے نام موجود ہونے کے باوجود انہیں پرواز کے لیے تیار کھڑے جہازوں پر چڑھنے کی اجازت نہیں تھی کیونکہ عملے کے مطابق ان کی روانگی کے بارے میں اہم معلومات دستیاب نہیں تھیں۔

لفتھانزا کے زمینی عملے کے بیس ہزار کارکنوں کا ہڑتال کا فیصلہ

فرینکفرٹ کی طرف کوئی فلائٹ نہیں

بدھ کو ایئر ٹریفک کنٹرول کے ترجمان نے اس امر کی تصدیق کی کہ جرمن ایئر ٹریفک کنٹرول اب ہوائی جہاز کو فرینکفرٹ ہوائی اڈے کی طرف نہیں بھیج رہا ہے تاکہ وہاں جہازوں کا ٹریفک جام نہ ہو۔  اب تمام جہازوں کو دوسرے ہوائی اڈوں جیسے کہ نیورمبرگ، کولون یا ڈسلڈورف کی طرف موڑا جا رہا ہے۔

Deutschland Frankfurt am Main Flughafen | Flugausfälle nach IT-Panne
مسافروں کی پریشانیتصویر: Arne Dedert/dpa/picture alliance

تمام اندرونی جرمن پروازوں کو ابتدائی طور پر منسوخ کر دیا گیا تھا اور مسافروں کو ٹرین کا رستہ اختیار کرنے کو کہا گیا۔ اس تکنیکی خرابی کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہے۔ Lufthansa گروپ کی دیگر کمپنیاں بھی متاثر ہوئی ہیں ہیں۔ اس گروپ میں برسلز ایئر لائنز، آسٹرین ایئر لائنز، سوئس انٹرنیشنل اور یورونگز بھی شامل ہیں۔

 

ک م / ع آ (ڈی پی اے، آر ٹی آر)