1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جوہری ہتھیار لے جانے والے بھارتی پرتھوی ٹو میزائل کے تجربات

22 دسمبر 2010

بھارت نے کم فاصلےتک مار کرنے والے پرتھوی ٹو میزائل کے دو کامیاب تجربات کئے ہیں۔ دفاعی حکام کے مطابق یہ بیلاسٹک میزائل ملک کے مشرقی حصے میں واقع ایک ملٹری بیس سے فائر کئے گئے۔

https://p.dw.com/p/zoI9
تصویر: AP

بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان سِتانشو کار کے مطابق زمین سے زمین پر وار کرنے والے پرتھوی ٹو میزائل کی رینج 350 کلومیٹر ہے اور انہیں بھارتی ریاست اوڑیسہ کے علاقے چندی پور میں واقع ایک ٹیسٹ رینج سے فائر کیا گیا۔ ہندی میں زمین کو پرتھوی کہا جاتا ہے۔ ترجمان کے مطابق دو میزائل ایک گھنٹے کے وقفے سے فائر کئے گئے۔

بھارت کی طرف سے یہ تجربات پاکستانی میزائل حتف پانچ غوری میزائل کے کامیاب تجربے کے ایک دن بعد کئے گئے ہیں۔ حتف پانچ دراصل درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا میزائل ہے جس کی رینج 13 سوکلومیٹر ہے جبکہ یہ جوہری ہتھیاروں سمیت ہر طرح کا وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ غوری میزائل کا نام 12ویں صدی کے معروف حکمران سلطان شہاب الدین غوری کے نام پر رکھا گیا ہے جس نے موجودہ افغانستان سے نکل کر برصغیر پاک وہند کے متعدد علاقے فتح کئے تھے۔

No Flash Atomrakete
پرتھوی ٹو میزائل کا اس سے قبل تجربہ رواں برس 24 ستمبر کو کیا گیا تھا جو کہ ناکام رہا تھاتصویر: AP

بھارت کے تیار کردہ پرتھوی ٹو میزائلوں کے یہ تجربات ملکی فوج کی طرف سے کئے گئے۔ یہ میزائل 500 کلوگرام وزن تک روایتی ہتھیار لے جانے کے علاوہ جوہری وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

سِتانشو کار کے مطابق، "راڈار اور بھارتی ساحلوں کے قریب نصب دیگر ٹریکنگ نظاموں نےمیزائل کے درست سفر کی نشاندہی کی، جبکہ سمندر میں ان میزائلوں کے ہدف کے قریب موجود ایک بحری جہاز نے ان کے درست نشانے کی خبر دی۔"

پرتھوی ٹو میزائل کا اس سے قبل تجربہ رواں برس 24 ستمبر کو کیا گیا تھا جو کہ ناکام رہا تھا۔ تاہم اُس سے قبل ایک سال کے عرصے میں کئے جانے والے چار دیگر ٹیسٹ کامیاب ثابت ہوئے تھے۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: کِشورمُصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں