حارث رؤف ورلڈ کپ تک دوبارہ فٹ ہو جائیں گے، بابر اعظم پرامید
6 مئی 2024کپتان بابر اعظم نے لاہور میں آج پیر چھ مئی کے روز اس امید کا اظہار کیا کہ زخمی تیز بولر حارث رؤف نہ صرف جون میں شروع ہونے والے کرکٹ کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں سے قبل مکمل طور پر صحت یاب ہو جائیں گے بلکہ وہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کے لیے اچھے نتائج میں اپنا کردار بھی ادا کریں گے۔
پاکستانی نژاد عثمان خان پرپانچ سالہ پابندی، امارات کرکٹ بورڈ
حارث رؤف کو فی الحال زخمی ہونے کے باوجود پاکستان کے اس 18 رکنی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے، جس کا انتخاب عنقریب شروع ہونے والے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے کیا گیا ہے۔
دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابھی تک اس 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان 22 مئی تک کے لیے مؤخر کر رکھا ہے، جو امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔
پاکستانی ٹیم میں شامل کیے جانے والے ممکنہ کھلاڑیوں میں سے صرف حارث رؤف ہی کی شرکت غیر یقینی نہیں۔ ان کے علاوہ محمد رضوان، عرفان خان اور اعظم خان کی فٹنس کے بارے میں حتمی فیصلہ بھی آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے اگلے سات ٹی ٹوئنٹی میچوں کے دوران کیا جائے گا۔
حارث رؤف کی فٹنس کے بارے میں کپتان بابر اعظم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ''میں یہ توقع نہیں کر رہا تھا کہ حارث رؤف اتنی جلدی دوبارہ فٹ ہو جائیں گے اور پھر بولنگ کرنا شروع کر سکیں گے۔‘‘
آرمی ٹریننگ کیمپ میں 29 پاکستانی کرکٹر حصہ لیں گے
بابر اعظم نے یہ بات پاکستانی ٹیم کی آئرلینڈ کے دورے پر روانگی کی تیاریوں کے دوران کہی۔ آئرلینڈ کے دورے کے دوران پاکستانی ٹیم کو ڈبلن میں اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ جمعہ 10 مئی کو کھیلنا ہے۔
بابر اعظم نے صحافیوں کو بتایا، ''ان (حارث رؤف) پر جلد واپسی کے لیے کافی دباؤ ہے۔ ان کے کندھے کی چوٹ کے بارے میں بھی کافی باتیں کی جا رہی ہیں اور اس بارے میں بھی کہ اس چوٹ کے بعد دوبارہ فٹنس کے دوران وہ کتنا اچھا محسوس کرتے ہیں؟ لیکن میرا خیال ہے کہ ان کی طرف سے جسمانی ردعمل اچھا رہے گا۔ کیونکہ جب آپ خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر کافی آرام دیتے ہیں، تو آپ اس قابل ہو جاتے ہیں کہ اچھے نتائج کی وجہ بن سکیں۔‘‘
نيتھن لائن کی پانچ سو وکٹيں، پاکستان کی پہلے ٹيسٹ ميں شکست
حارث رؤف فروری کے اواخر میں اس وقت سے کرکٹ کے میدان سے باہر ہیں، جب انہیں پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ سیزن کے ایک میچ کے دوران کندھے پر چوٹ لگ گئی تھی۔ اس کے بعد سے وہ لاہور میں پاکستان کرکٹ اکیڈمی میں اپنی طبی بحالی کے ایک جامع پروگرام میں شامل رہے ہیں۔
م م / ا ا (اے پی)