1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حزب اللہ کو ’سکڈ‘ میزائل فراہم نہیں کئے: شام

15 اپریل 2010

شام نے اسرائیل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دمشق حکومت نے کبھی بھی لبنان کے عسکری گروپ حزب اللہ کو ’سکڈ میزائل‘ فراہم نہیں کئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Mwli
تصویر: AP / picture-alliance/ dpa/dpawe

شامی وزارت خارجہ نے جمعرات کے روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے اسرائیلی حکومت شام کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرتی چلی آرہی ہے۔’’کافی عرصے سے اسرائیل دمشق حکومت کے خلاف ایک مہم چلا رہا ہے کہ یہ لبنان میں سرگرم عمل گروپ حزب اللہ کو سکڈ میزائل فراہم کر رہی ہے۔ شام ایسے الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ اسرائیل کی طرف سے ایسے الزامات کا مقصد خطے میں تناوٴ پیدا کرنے کے سوا اور کچھ بھی نہیں۔‘‘

اسرائیل کی جانب سے شام پر الزامات کے بعد امریکہ نے بدھ کے روز سخت تشویش ظاہر کی تھی۔

Symbolbild Beziehungen Syrien Libanon Assad und Nasrallah
دمشق میں آویزاں ایک پوسٹر پر حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ اور شام کے صدر کی تصویر کے ساتھ لبنان اور شام کی سلامتی کی دعا لکھی گئی ہےتصویر: AP

امریکہ نے کہا تھا کہ شام کی طرف سے حزب اللہ کو سکڈ میزائل فراہم کرنے کی خبریں اگر صحیح ہوئیں، تو لبنانی حکومت خود کو ’رسک‘ میں ڈال رہی ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان فلپ کراوٴلی نے کہا اگر واقعی حزب اللہ کو میزائل فراہم کئے گئے ہیں تو یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد نمبر 1701 کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

شامی وزارت خارجہ نے تاہم زور دے کر کہا ہےکہ اسرائیل خطے میں ایسا پرتناوٴ ماحول پیدا کرنا چاہتا ہے، جس سے مشرق وسطیٰ امن عمل متاثر ہو سکے۔

اسرائیلی صدر شیمون پیریز نے منگل کے روز شامی حکومت پر حزب اللہ کو سکڈ میزائل فراہم کرنے کا الزام عائد کیا تھا تاہم ایک اعلیٰ امریکی عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ میزائل فراہم کئے جا چکے ہیں یا نہیں۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/خبر رساں ادارے

ا دارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید