1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’خوراک کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ترقی پذیر ملکوں کی عوام کو نچوڑ دے گا‘

18 جون 2011

یورپی تنظیم برائے اقتصادی تعاون اور ترقی نے اقوام امتحدہ کے خوراک و زراعت کے ادارے کے ساتھ اگلے دس سالوں کےلیے زرعی تناظر میں اقتصادی جائزہ عام کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ سال ترقی پذیر ممالک کی عوام کے لیے پریشان کن ہوں گے

https://p.dw.com/p/11eXa
تصویر: AP

یورپی تنظیم برائے اقتصادی تعاون اور ترقی (OECD) نے اقوام امتحدہ کے خوراک و زراعت کے ادارے (FAO) کی خصوصی رپورٹ میں اگلے دس سالوں کے دوران زرعی ترقیاتی منظر کے ساتھ پیدا ہونے والے اقتصادی مسائل کا تذکرہ تفصیل کے ساتھ پیش کیا ہے۔ اس رپورٹ میں خاص طور پر دنیا کے چونتیس ملکوں کا اقتصادی احوال سمویا گیا ہے۔ مستقبل میں ممکنہ طور پر زرعی اقتصادی صورت حال کا جائزہ بھی پیش کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ میں اگلے برسوں میں اشیائے خوراک کی قیمتوں میں اضافے کا تذکرہ خصوصیت سے شامل ہے۔

دو اہم بین الاقوامی اداروں OECD اور FAO کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اگلے دس سالوں کے دوران سابقہ دس سالوں کے مقابلے میں اشیائے خوراک کی قیمتیں اوسطاً بیس فیصد بڑھ جائیں گی اور یہ اضافہ خاص طور پر ترقی پذیر ملکوں کی عوام کو نچوڑ کر رکھ سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بیشتر ممالک میں گوشت کی قیمتوں میں تیس فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور یہ بھی بیان کیا گیا کہ کھیتوں اور کھلیانوں میں پکی ہوئی فصلوں کے ڈھیر مختصر ہوتے جائیں گے۔

NO FLASH Argentinien Getreide
جدید زراعت میں مشینیں اہمیت اختیار کرچکی ہیںتصویر: picture alliance/dpa Fotografia

عالمی نوعیت کے اہم اداروں OECD اور FAO کی مرتب کردہ رپورٹ میں یہ اشارہ دیا گیا ہے کہ مختلف ماحولیاتی اور معاشرتی معاملات کی وجہ سے کسانوں کی جانب سے پیداواری عمل بھی سست رہنے کا قوی امکان ہے۔ کھیتوں اور کھلیانوں میں 1.7 فیصد سالانہ بنیادوں پر اضافہ ہو گا جو سابقہ دس سالوں کے مقابلے میں 2.6 فیصد کم ہو گا۔ اس مناسبت سے کھپت زیادہ ہونے کی وجہ سے بھی زرعی پیداور سے حاصل ہونے والی اشیاء کی قیمتوں میں خاصا اضافہ ہوگا۔ یورپی تنظیم کے سیکریٹری جنرل اینجل گوری (Angel Gurri) کے مطابق زرعی اجناس میں بڑھتی قیمتیں یقینی طور پر کسانوں کے لیے اچھی خبر ہو سکتی ہے لیکن اس اضافے سے غریب ملکوں کی عوام کی کمر دہری ہو جائے گی اور یہ انتہائی پریشان کن بات ہے۔ اس رپورٹ میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو بھی اجناس کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ نتھی کیا گیا ہے۔ اسی موسمیاتی تغیر کی وجہ سے گزشتہ سال، روس، قزاقستان اور یوکرائن میں خشک سالی کی وجہ سے گندم کی فصل شدید متاثر ہوئی تھی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں