1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوسرا ون ڈے، سری لنکا کے خلاف پاکستان کا برا آغاز

14 نومبر 2011

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دبئی میں کھیلے جا رہے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں سری لنکا کے 235 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم نے برا آغاز کرتے ہوئے 30 رنز پر3 وکٹیں کھو دی ہیں۔

https://p.dw.com/p/13AQG
تصویر: AP

اس سے قبل بیٹنگ کے لیے خاصی بہتر سمجھی جانے والی پچ پر سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم پاکستانی بولروں نے اسے تیزی سے رنز نہیں بننے دیے۔

Cricket Sri Lanka vs Pakistan
سری لنکا کی ٹیم کو بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی تاہم پاکستانی بیٹنگ بھی کا آغاز بھی مایوس کن رہاتصویر: picture alliance/dpa

سری لنکا کی جانب سے سب سے کامیاب بلے باز اوپنر تھارنگا رہے، جو نہایت ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 41 ویں اوور تک کریز پر موجود رہے۔ تھارنگا نے 120 گیندوں کا سامنا کیا اور 77 رنز بنائے۔ تاہم دوسرے اینڈ پر کوئی بھی بلے باز ان کا زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکا۔ صرف جے وردھنے نے آ کر تیزی سے گرتی ہوئی وکٹوں کو روکا اور 57 گیندوں پر 50 رنز کی ایک تیز اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کے مجوعی اسکور میں اضافہ کیا۔ جے وردھنے کے آؤٹ ہوتے ہی باقی کھلاڑی زیادہ دیر تک پاکستانی بولروں کا مقابلہ نہ کر سکے اور رن ریٹ نیچے کی طرف جاتا چلا گیا۔

سری لنکا کی طرف سے تھارنگا کے 77 رنز کے علاوہ دلشان نے چالیس گیندوں پر 28 رنز بنائے اور وہ شاہد آفریدی کی ایک تیز گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ سنگاکارا 13 گیندوں پر صرف پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ چاندیمال کو سعید اجمل نے 15 کے اسکور پر آؤٹ کیا۔

میتھیو صرف تین رنز بنا سکے جبکہ مینڈس اور ملینگا مقررہ اوورز کے اختتام تک بالترتیب 17 اور دو رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی طرف سے سب سے کامیاب بولر سعید اجمل رہے، جنہوں نے دس اوورز میں 35 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہد آفریدی نے دو جبکہ اعزاز چیمہ اور عبدالرزاق نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں