ریمنڈ ڈیوس امریکہ میں بھی لڑ پڑا
2 اکتوبر 2011خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی سی آئی اے کے اس کنٹریکٹر کو امریکی ریاست کولوراڈو کے علاقے ہائی لینڈز رینچ میں ہفتے کی صبح اس وقت گرفتار کیا گیا جب ایک شاپنگ سنٹر کی پارکنگ میں جھگڑے کے بعد اس نے ایک شخص پر تشدد کیا۔
مقامی پولیس کے اعلیٰ اہلکار Lt. Glenn Peitzmeier کے مطابق ریمنڈ ڈیوس پر تیسرے درجے کے زدو کوب اور نامناسب رویے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ یہ دونوں جرائم قابل سزا ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ریمنڈ ڈیوس کو گرفتار کیے جانے کے بارے میں سب سے پہلے امریکی شہر ڈین ور کے ٹیلی وژن KMGH-TV Channel 7 نے نشر کی، تاہم اس گرفتاری سے متعلق تفصیلی معلومات ابھی موصول نہیں ہوئیں۔
Peitzmeier کے مطابق ریمنڈ ڈیوس کے حملے کا نشانہ بننے والے شخص نے، جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، موقع واردات پر طبی امداد حاصل کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ پولیس کے مطابق ریمنڈ ڈیوس کو بعد ازاں شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
امریکی کنٹریکٹر ریمنڈ ڈیوس نے رواں برس جنوری میں پاکستانی شہر لاہور میں دو افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا تھا۔ اس نے دعویٰ کیا تھا کہ ہلاک شدگان اسے لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس واقعے پر پاکستان بھر میں شدید احتجاج کیا گیا۔ امریکی سفارت خانے کی طرف سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کو سفارتی استثناء حاصل ہے جسے پاکستانی حکومت نے ماننے سے انکار کر دیا۔
ریمنڈ ڈیوس کی رہائی رواں برس 16 مارچ کو اس وقت عمل میں آئی جب مقتولین کے ورثاء نے اسلامی قوانین کے مطابق 2.34 ملین ڈالرز کے خون بہا کے عوض اسے معاف کر دیا۔ ریمنڈ ڈیوس کی اس طرح رہائی پر ملکی حکومت اور سکیورٹی ایجنسیوں پر شدید تنقید کی گئی۔
ریمنڈ ڈیوس کی سات ہفتے تک پاکستان میں گرفتاری کا یہ واقعہ پاکستان اور امریکی تعلقات میں کشیدگی کا آغاز ثابت ہوا۔ افغان جنگ کے حوالے سے اہم ترین سمجھے جانے والے ان دونوں اتحادی ممالک کے تعلقات ابھی تک کشیدہ ہیں۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: عصمت جبیں