1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابق پاکستانی وزیر خارجہ تحریک انصاف میں شامل

28 نومبر 2011

پاکستان کے سابق وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رہنما شاہ محمود قریشی نے عمران خان کی جماعت تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/13IAE
شاہ محمود قریشیتصویر: AP

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کی تحریک انصاف جماعت میں شاہ محمود قریشی کی شمولیت کو پاکستان کے سیاسی حلقے ایک اہم واقعہ قرار دے رہے ہیں۔ قریشی کو اس برس کی ابتداء میں حکمران پیپلز پارٹی نے وزارت خارجہ کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان قریشی نے گھوٹکی کے علاقے میں عمران خان کے ہمراہ اپنے مریدوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا، ’’میں اعلان کرتا ہوں کہ میں ایک ایسی تحریک میں شامل ہو رہا ہوں جو لوگوں کو انصاف دلانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔‘‘

Pakistan Proteste
عمران خان کی تحریک انصاف کو خاصی عوامی پذیرائی حاصل ہو رہی ہےتصویر: AP

جلسے کے دوران شاہ محمود قریشی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور صدر پاکستان آصف علی زرداری پر بھی زبردست تنقید کی۔ قریشی کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کی ایوان صدر میں موجودگی پاکستان کے جوہری پروگرام کے لیے ایک خطرہ ہے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پاک افغان سرحد پر نیٹو فضائیہ کیے مبینہ حملے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ پاکستان کو یہ معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھانا چاہیے۔ خیال رہے کہ ہفتے کو ہونے والے اس واقعے میں چوبیس پاکستانی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’وقت آگیا ہے کہ پاکستان امریکہ کی جنگ سے علیحٰدہ ہوجائے۔‘‘

حالہ کچھ عرصے میں عمران خان کی جماعت تحریک انصاف کو عوامی سطح پر خاصی پذیرائی ملنا شروع ہوئی ہے۔ اس باعث ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے بعض عہدیدار تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید