1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سزا یافتہ پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں، لوگارٹ

6 فروری 2011

انٹرنیشل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لوگارٹ کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر پر ٹھوس ثبوتوں کی بنیاد پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/10BZr
تصویر: AP

میچ فکسنگ سکینڈل کی سماعت کرنے والے آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی کے ٹریبیونل نے گزشتہ روز ان پاکستانیوں پر پانچ پانچ سال تک بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند کئے۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ان تین پاکستانی کرکٹرز کے معاملے کی سماعت کرنے والے ٹریبیونل نے سابق پاکستانی کپتان سلمان بٹ پر دس سال کی پابندی عائد کی ہے۔ اس سزا میں سے پانچ سال پہلے ہی معطل کردئے گئے ہیں۔ سپاٹ فکسنگ کے تنازعے میں مجرم ثابت ہونے پر بٹ کے ساتھ ساتھ 28 سالہ محمد آصف پر مجموعی طور پر سات سال کی پابندی عائد کی گئی جس میں سے دو سال معطل کئے گئے جبکہ 18 سالہ محمد عامر پر پانچ سالہ پابندی عائد کی گئی ہے۔

Superteaser NO FLASH Pakistan Cricket Mohammad Asif
محمد آصفتصویر: AP

قطر سے پاکستان پہنچنے کے بعد لاہور کے ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو میں سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ انہیں افسوس ہوا ہے اور تفصیلی فیصلہ سامنے آنے کے بعد مستقبل کا لائحہ عمل واضح کریں گے۔ 26 سالہ سابق پاکستانی ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ آئی سی کے ضابطہ ء اخلاق کے قانون میں ترمیم کے بعد ان پر عائد کی گئی سزا کی مدت کم ہو جائےگی۔

واضح رہے کہ دوحہ میں آئی سی سی کے انسداد بد عنوانی کے کمیشن کے سربراہ مائیکل بیلوف کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے کرکٹ کے نگران ادارے سے ضابطہ ء اخلاق کے قانون میں ترمیم کی درخواست کی ہے۔ اس قانون کے تحت کھیل کے دوران کرپشن میں ملوث ہونے والوں کو کم از کم پانچ سالہ پابندی کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ سے پیار کرتے ہیں، یہی ان کا ذریعہ روزگار ہے اور وہ جلد اپنا کیریئر دوبارہ سے شروع کرنا چاہیں گے۔

قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ نوجوان پاکستانی تیز گیند باز محمد عامر پر عائد پابندی کی مدت میں کمی کے امکانات موجود ہیں۔ اس ضمن میں عامر کے مختصر اور بےداغ کیریئر کا حوالہ دیا جاتا ہے۔

Superteaser NO FLASH Pakistan Cricket Mohammad Amir
‏محمد عامرتصویر: AP

اس کے برعکس محمد آصف پر عائد پابندی میں کمی کے امکانات کم بتائے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ سزا پانے والے تینوں پاکستانی کھلاڑی سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے الزامات کی مسلسل تردید کر رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین اعجاز بٹ کا کہنا ہے کہ پی سی بی ان تین کھلاڑیوں پر عائد پابندی کے خلاف اپیل نہیں کرے گا۔ ان کے بقول یہ معاملہ ان تین کھلاڑیوں اور آئی سی سی کے آپس کا معاملہ ہے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں