سلمان خان ریپ سے متعلق بیان کے باعث شدید تنقید کی زد میں
22 جون 2016نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی نئی دہلی سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق بالی وُڈ کے سٹار سلمان خان نے اپنی نئی فلم ’سلطان‘ کے بارے میں رپورٹرز کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب وہ اس فلم کی شوٹنگ ختم کرتے تھے، تو وہ ایسا محسوس کرتے تھے جیسے کوئی عورت جنسی زیادتی کے بعد محسوس کرتی ہے۔
بھارتی نیوز میڈیا اور سوشل میڈیا پر سلمان خان کے اس بیان پر کافی زیادہ تنقید کی جا رہی ہے۔ عوامی رد عمل سامنے آنے کے بعد سلمان خان کے والد سلیم خان نے اپنے بیٹے کے متنازعہ بیان پر معافی مانگتے ہوئے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ سلمان خان کو معاف کر دیں۔
بھارت کے قومی کمیشن برائے خواتین نے اس بالی وُڈ اداکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سات دن کے اندر اندر اپنے اس بیان کی وضاحت کریں، بصورت دیگر انہیں ریاست کے مقرر کردہ پینل کے سامنے پیش ہونا پڑے گا۔
سلمان خان نے آج بائیس جون بروز بدھ تک اپنے اس بیان کے بارے میں کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔ فلم ’سلطان‘ میں وہ ایک پہلوان کا کردار ادا کر رہے ہیں اور اسی بارے میں گزشتہ اتوار کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے شوٹنگ میں پیش آنے والی مشکلات کا موازنہ کسی خاتون کے ساتھ ریپ سے کیا تھا۔
حالیہ کچھ عرصے کے دوران بھارت میں جنسی زیادتی کے واقعات تواتر سے رپورٹ ہو رہے ہیں۔ ان حالات میں سلمان خان کی جانب سے اداکاری کی مشکلات کا ریپ سے موازنہ کرنے والے متنازعہ بیان پر خاص طور پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ تاہم کچھ افراد کا یہ بھی کہنا ہے کہ سلمان خان پر تنقید کیے جانے سے پہلے اس واقعے اور بیان کی مکمل تفصیلات کو بھی پیش نظر رکھا جانا چاہیے۔
سلمان خان نے اپنے بیان کے فوراﹰ بعد ہی یہ اعتراف بھی کر لیا تھا کہ انہوں نے ریپ سے موازنہ کر کے غلطی کی تھی۔