1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بھارت میں کوئی عدم رواداری نہیں‘، بھارتی شہری عدنان سمیع

امجد علی1 جنوری 2016

پاکستان میں جنم لینے والے گلوکار اور موسیقار عدنان سمیع نے یکم جنوری 2016ء سے بھارت کی شہریت مل جانے کے بعد کہا ہے کہ بھارت میں کوئی عدم رواداری نہیں ہے۔ چھیالیس سالہ فنکار نے بھارتی شہریت ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HWpu
Adnan Sami
عدنان سمیع کی یہ تصویر تب کی ہے، جب اُن کا وزن 230 کلوگرام تھا، اب وہ اپنے اس وزن میں تقریباً 165 کلوگرام کی کمی کر چکے ہیںتصویر: Getty Images/AFP/F.Godhuly

بھارتی نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے نئی دہلی سے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ جمعے سے عدنان سمیع باقاعدہ بھارتی شہری بن گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق عدنان سمیع نے، جن کے چہرے پر مسکراہٹ تھی، اپنی اہلیہ رویا کے ہمراہ نئی دہلی کے ’نارتھ بلاک‘ میں وزیر مملکت برائے امورِ داخلہ کرن رجیجو کے ہاتھوں اپنی شہریت کا سرٹیفیکٹ وصول کرنے کے بعد اپنا مشہور گیت ’تیری اُچی شان ہے مولا ... مجھ کو بھی تُو لفٹ کرا دے‘ بھی گایا۔

اس موقع پر عدنان سمیع سے اُن خدشات کے بارے میں استفسار کیا گیا، جو ممتاز اداکاروں عامر خان اور شاہ رخ خان کی جانب سے بھارت میں مبینہ طور پر بڑھتی ہوئی عدم رواداری کے حوالے سے ظاہر کیے جا چکے ہیں۔ عدنان سمیع نے کہا کہ ہر شخص کو اپنی رائے رکھنے اور ظاہر کرنے کا حق حاصل ہے اور جو کچھ ان فنکاروں نے کہا، اُس کی بنیاد شاید اُن کے اپنے اپنے تجربات رہے ہوں گے۔

عدنان سمیع نے کہا:’’اگر عدم برداشت ہوتی تو مَیں بھارتی شہریت لیتا ہی نہیں۔ مجھے کبھی عدم رواداری کا تجربہ نہیں ہوا۔ بھارت میں کوئی عدم رواداری نہیں ہے۔‘‘

گلوکار عدنان سمیع نے کہا کہ وہ بھارتی شہری بن جانے پر بے حد خوش ہیں اور بھارتی حکومت کے بہت شکر گزار ہیں:’’مَیں حکومتِ بھارت کا بہت شکر گزار ہوں کہ اُس نے مجھے یہ خوبصورت تحفہ دیا۔‘‘

یہ پوچھے جانے پر کہ وہ بھارتی شہری بننے کے بعد کیا محسوس کر رہے ہیں، عدنان سمیع نے کہا کہ دونوں ہی ملکوں میں ’بریانی‘ کا ذائقہ ایک جیسا ہے:’’اور مَیں نے پاکستان اور بھارت دونوں جگہ بہت بریانیاں کھائی ہیں۔‘‘

اُنہوں نے کہا کہ اُن کے بھارتی شہریت لینے پر پاکستان میں ملے جُلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے لیکن اُن کے گھر والے بھارت اور اُس کے شہریوں سے اُن کی محبت کو سمجھتے ہیں۔

وزارتِ داخلہ کے حکام کے مطابق عدنان سمیع کو بھارتی شہریت اُن کی جانب سے اس سال چھبیس مئی کو دی جانے والی اُس درخواست کے بعد دی گئی ہے، جس میں انسانی بنیادوں پر بھارت میں اُن کے قیام کی نوعیت کو قانونی حیثیت دینے کے لیے کہا تھا۔

Indien Boolywood Spielfilm "Bajrangi Bhaijan" Poster
35 مختلف ساز بجانے والے عدنان سمیع کے گیتوں کے البمز کروڑوں کی تعداد میں فروخت ہو چکے ہیں، فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کے لیے قوالی گائیکی کا تازہ ترین نمونہ ہےتصویر: Getty Images/AFP/D. Sarkar

عدنان سمیع سب سے پہلے تیرہ مارچ 2001ء کو وزٹ ویزے پر بھارت پہنچے تھے۔ ایک سال کا یہ ویزا اسلام آباد میں بھارتی سفارت خانے کی جانب سے جاری کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے اُن کے ویزے کی مدت میں مسلسل توسیع کی جاتی رہی ہے۔ عدنان سمیع کے ستائیس مئی 2010ء کو جاری ہونے والے پاکستانی پاسپورٹ کی مدت چھبیس مئی 2015ء کو ختم ہو گئی تھی، جس کی پاکستانی حکومت نے تجدید نہیں کی، جس کے نتیجے میں اس فنکار نے بھارتی حکومت سے شہریت کی درخواست کر دی۔

عدنان سمیع کے گیتوں کے برسوں پہلے ریلیز ہونے والے دو البمز ’کبھی تو نظر ملاؤ‘ اور ’لفٹ کرا دے‘ بے حد کامیاب رہے تھے۔ سلمان خان کی 2015ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں شامل قوالی ’بھر دو جھولی میری‘ اُن کی گائیکی کا تازہ ترین کامیاب نمونہ ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید