1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنوڈن گواہی دیں، یورپی پارلیمنٹ کی دعوت

ندیم گِل10 جنوری 2014

یورپی پارلیمنٹ کی ایک کمیٹی نے امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے سابق ملازم ایڈورڈ سنوڈن کی شہادت لینے کے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ سنوڈن کو ویڈیو لِنک کے ذریعے شہادت دینے کی دعوت دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1AoNF
تصویر: Reuters

یورپی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے انصاف و شہری آزادیاں نے جمعرات کو ووٹنگ کے ذریعے اس منصوبے کی منظوری دی۔ چھتیس ووٹ اس منصوبے کے حق پڑے، دو اس کے خلاف تھے جبکہ ایک رکن نے ووٹ نہیں دیا۔

ایڈورڈ سنوڈن نے انکشاف کیا تھا کہ امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) یورپی رہنماؤں کی جاسوسی کرتی رہی ہے۔ یہ معلومات سامنے آنے پر یورپی ملکوں میں امریکا کے خلاف سخت ردِ عمل دیکھنے میں آیا تھا۔

سنوڈن سے اس معاملے پر شہادت ویڈیو لِنک کے ذریعے طلب کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے فی الحال کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق فوری طور پر یہ بھی واضح نہیں کہ آیا سنوڈن یہ دعوت قبول کریں گے یا نہیں۔ تاہم یورپی پارلیمنٹ کے جرمن رکن فلپ البریشٹ نےخدشہ ظاہر کیا ہے کہ سنوڈن گواہی نہیں دیں گے۔

یورپی ارکانِ پارلیمنٹ جاسوسی کے معاملات کی تفتیش کے ذریعے سفارشات کا مسودہ تیار کرنا چاہتے ہیں تاکہ یورپی شہریوں کی نجی زندگیوں کا بہتر طور پر تحفظ کیا جا سکے اور یورپی اداروں کے آئی ٹی کے نظام کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Edward Snowden Porträt
ایڈورڈ سنوڈنتصویر: picture alliance/AP Photo

این ایس اے کی جانب سے جاسوسی کے انکشاف پر امریکا اور برلن کے تعلقات میں بھی کشیدگی پیدا ہوئی تھی۔ گزشتہ برس اکتوبر میں جرمنی کے اخبار بِلڈ اور میگزین ڈیر اشپیگل نے سنوڈن کی جانب سے عام کی گئی خفیہ دستاویزات کےحوالے سے یہ رپورٹ دی تھی کہ این ایس اے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے موبائل فون کی نگرانی کرتی رہی ہے۔

بعدازاں جرمنی کی گرین پارٹی کے ہانس کرسٹیان شٹرؤبیلے نے روس میں سنوڈن سے ملاقات کی تھی۔ وطن واپسی پر وہ سنوڈن کا ایک خط بھی ساتھ لائے تھے۔

جرمنی کی حکمران جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین کے ارکان نے سنوڈن سے شہادت کے حصول پر کھُلے پن کا مظاہرہ کیا تھا۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شاید سنوڈن اس مقصد کے لے جرمنی نہیں آ سکیں گے۔

ایڈورڈ سنوڈن جاسوسی کے پروگرام پرزم کا انکشاف کرنے پر امریکا کو مطلوب ہیں۔ اس پروگرام کے بارے میں معلومات ذرائع ابلاغ کو دینے کے بعد وہ ہانگ کانگ فرار ہو گئے تھے۔ وہاں سے وہ جون میں ماسکو پہنچے تاہم امریکا کی جانب سے شہریت کی منسوخی کی وجہ سے مزید سفر نہ کر سکے اور ماسکو ایئرپورٹ کے ٹرانزٹ زون میں ہی ٹھہرے رہے۔ اگست میں روس نے انہیں ایک سال کے لیے سیاسی پناہ دے دی تھی۔