1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام میں پرتشدد کارروائیوں میں مزید 21 ہلاکتیں

8 جنوری 2012

شام کی صورت حال پر غور کے لیے عرب لیگ کا ایک اجلاس اتوار کو قاہرہ میں ہو رہا ہے جبکہ وہاں مختلف پرتشدد کارروائیوں میں اکیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/13fz5
تصویر: Sham News Network/dapd

شام کی صورتِ حال پر غور کے لیے عرب لیگ کا ایک اجلاس اتوار کو قاہرہ میں ہو رہا ہے، تاہم اس سے پہلے ہی لیگ نے شام بھیجے گئے اپنے مبصرین کو واپس بلانے پر غور کا امکان ردّ کر دیا ہے۔

عرب لیگ کے نائب سربراہ عدنان عیسیٰ نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا کہ اتوار کے اجلاس میں مشن کو واپس بلائے جانے پر غور کا امکان نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسے کسی غور کا عنقریب بھی کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب ممالک مبصرین کے لیے مزید معاونت کی حمایت کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنا احسن طریقےسے انجام دیں سکیں۔ انہوں نے قاہرہ میں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ کسی عرب ملک نے مبصرین کو واپس بلانے کی ضرورت کا تذکرہ نہیں کیا ہے۔

اتوار کے اس اجلاس میں قطر کی سربراہی میں لیگ کی ایک کمیٹی شام جانے والے اپنے مشن کے بارے میں رپورٹ کا جائزہ لے گی۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق الجزیرہ ٹیلی وژن کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ کے کچھ مندرجات کسی طرح سامنے آ گئے ہیں، جن کے مطابق جمہوریت نواز مظاہرین پر سکیورٹی فورسز کا کریک ڈاؤن بدستور جاری ہے۔

Syrien Proteste gegen Regierung
جمہوریت نواز مظاہرین پر سکیورٹی فورسز کا کریک ڈاؤن بدستور جاری ہےتصویر: Reuters

دوسری جانب شام میں ہفتے کو پرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں اکیس شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ بات انسانی حقوق کے گروپوں نے بتائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سترہ افراد سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے چلائی گئی گولیوں کا نشانہ بنے ہیں جبکہ چار افراد حکومت نواز ایک مظاہرے پر فائر کیے گئے راکٹ کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔

سیریئن ابزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ان میں سے گیارہ افراد حمص میں ہلاک ہوئے، جن میں سے چار ایک مظاہرے کے شرکاء تھے جبکہ دس افراد اِدلیب میں ہلاک ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں قائم اس ادارے کے سربراہ رامی عبدالرحمٰن کا کہنا ہے کہ حمص میں سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک ہو گئے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک الگ واقعے میں نامعلوم عناصر نے حکومت نواز مظاہرین پر آر پی جی راکٹ فائر کیا، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے

۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید