1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاہد آفریدی ٹیسٹ ٹیم کے بھی کپتان

26 مئی 2010

پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ نے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو انگلینڈ کے دورے کے دوران ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں کے لئے بھی کپتان مقرر کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/NX4e
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے کپتانتصویر: AP

پاکستان کی ایک روزہ اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کے نام پر جاری قیاس آرائیاں ختم ہو گئی ہیں۔ سلمان بٹ، عبد الزاق اور شاہد آفریدی میں سے کپتانی کا قرعہ فال ایک روزہ میچوں میں ’بوم بوم آفریدی‘ کے طور پر مشہور آل راؤنڈر کے نام نکلا ہے۔ گزشتہ تین سالوں میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے وہ چوتھے کپتان ہیں۔ ان سے پہلے یونس خان، شعیب ملک، اور محمد یوسف کپتانی کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ ماہرین کے خیال میں اگلے دو چار ماہ کے دوران یہ واضح ہو جائے گا کہ شاہد آفریدی گزشتہ تین کپتانوں کی طرح ناکام رہتے ہیں یا زوردار انداز میں اپنے زور بازو سے ٹیم کو یک جان بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں۔

Cricketspieler Shahid Afridi
شاہد آفریدی کا جارحانہ اندازتصویر: AP

تقریباً چار سال سے انہوں نے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا ہے۔ چند دن قبل ہی انہوں نے دوبارہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا عندیہ دیا تھا۔ مبصرین کے خیال میں ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں کپتانی کے بعد بورڈ کے اشارے پر ہی شاہد آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ دوبارہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان کا پورا نام صاحبزادہ محمد شاہد خان آفریدی ہے۔ ان کی عمر تیس سال ہے۔ وہ اب تک 26 ٹیسٹ میچوں میں پانچ سینچریاں بنا چکے ہیں۔ انہوں نے تقریباً 38 کی اوسط کے ساتھ 1683رنز بنا رکھے ہیں۔ ان میں آٹھ نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔ ان کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سکور 156 ہے۔ یہ سکور انہوں نے فیصل آباد میں بھارت کے خلاف کیا تھا۔ آخری بار سن 2006 میں انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ اسی ٹیسٹ میچ کے بعد آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ کر ایک روزہ میچوں پر توجہ مرکوز کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پانچ سینچریوں میں ان کی ایک سینچری چنئی شہر میں بھارت کے خلاف بھی ہے اور وہ میچ پاکستان جیت گیا تھا۔

Cricket - Shahid Afridi
شاہد آفریدی بلے بازی کرتے ہوئےتصویر: AP

کپتان کے نام کے ساتھ ساتھ کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ اور انگلینڈ کے دورے کے لئے 35 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ ان ناموں کا اعلان نئے کپتان شاہد آفریدی اور بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ اعلان کردہ کھلاڑیوں کے نام ہیں:

شاہد آفریدی، یونس خان، شعیب ملک، سلمان بٹ، عمران فرحت، یاسر حمید، وہاب ریاض، محمد عرفان، تنویر احمد، اعزاز چیمہ، دانش کنیریا، سعید اجمل، ذوالقرنین حیدر، خرم منظور، اظہر علی، محمد سمیع، شاہ زیب حسن، عظیم گھمن، کامران اکمل، عمر اکمل، فیصل اقبال، فواد عالم، حسن رضا، اسد شفیق، محمد حفیظ، عبدالرزاق، عمر امین، عامر سجاد،شعیب اختر، محمد آصف اورمحمد عامر

یونس خان اور شعیب ملک کی حتمی سلیکشن ان کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر فیصلوں سے مشروط ہے۔ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ محمد یوسف کے نام پر قطعاً غور نہیں کیا گیا کیونکہ ایک تو وہ عملی کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں اور دوسرے وہ کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھانے کینیڈا جا رہے ہیں۔ شعیب اختر بھی ڈھائی سال بعد عملی کرکٹ میں واپسی کی دہلیز پر ہیں۔

شاہد آفریدی کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا پہلا ٹارگٹ ایشیا کپ ہے، جو جون کی پندرہ تاریخ سے شروع ہو رہا ہے۔ اس کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ روانہ ہو جائے گی، جہاں وہ آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ اور دو ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔ انگلینڈ ہی میں پاکستانی ٹیم میزبان ملک کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کے علاوہ پانچ ایک روزہ اور دو ٹونٹی ٹونٹی میچ بھی کھیلے گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں