1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک بھارت میچ کے بعد شاہین آفریدی کی تعریفوں کی بھرمار

3 ستمبر 2023

ایشیا کپ میں شاہین شاہ آفریدی نے بھارت کے خلاف عمدہ کارکردگی کے بعد کہا کہ پاکستانی پیس اٹیک میں حارث رؤف کا کردار بلے بازوں میں اسپیڈ اور باؤنسرز سے خوف پیدا کرنا ہے، جبکہ وہ اور نسیم شاہ سوئنگ پر انحصار کرتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4Vtij
پاکستان کے سپر اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی
پاکستان کے سپر اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدیتصویر: Eranga Jayawardena/AP Photo/picture alliance

پاکستان کے سپر اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی  نے ایک مرتبہ پھر بھارت کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو اپنی تیز رفتار سوئنگ گیند بازی کے ذریعے پویلیئن کا راستہ دکھا دیا۔ انہوں نے سری لنکا کے شہر کینڈی میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما  اور دنیا کے بہترین بیٹرز میں شمار ہونے والے ویراٹ کوہلی کی وکٹ شروع کے اوورز میں ہی حاصل کرلیں۔

بھارتی بیٹر ویراٹ کوہلی آؤٹ ہونے کے بعد پویلین لوٹ رہے ہیں۔
بھارتی بیٹر ویراٹ کوہلی تصویر: Eranga Jayawardena/AP Photo/picture alliance

شاہین شاہ آفریدی نے میچ کے بعد کوہلی کو آؤٹ کرنے پر کہا، "ویراٹ کوہلی بھارتی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جاتے ہیں اور ان کی وکٹ انتہائی اہم ہوتی ہے۔"

شاہین آفریدی نے میچ میں پینتیس رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔  بھارتی کرکٹ ٹیم 266 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، بارش کی وجہ سے میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کردیا گیا۔

بولنگ میں پارٹنرشپ

اپنی شاندرا کارکردگی پر شاہین شاہ آفریدی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بولنگ میں پارٹنرشپ کی وجہ سے وہ بھارتی بلے بازوں کی وکٹیں لینے میں کامیاب رہے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں شاہین آفریدی نے کہا، "مکی آرتھر ہمیشہ کہتے ہیں کہ فاسٹ بولر آپ کو ٹورنامنٹ جیتاتے ہیں اور ہم ہمیشہ شراکت داری میں بولنگ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔"

پاکستانی گیند باز حارث رؤف
پاکستانی گیند باز حارث رؤفتصویر: Pankaj Nangia/AP Photo/picture alliance

انہوں نے مزید کہا، "پاکستانی پیس اٹیک میںحارث رؤف  کا کردار اپوزیشن بلے بازوں میں تیز رفتار اور باؤنسرز سے خوف پیدا کرنا ہے، جبکہ نسیم شاہ  اور میں سوئنگ پر انحصار کرتے ہیں۔"

مخالفین بھی شاہین کے معترف

علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین اور ماہرین نے شاہین شاہ آفریدی کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔ سابق بھارتی فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے میچ کے دوران ہی ایک ٹویٹ میں لکھا، "شاہین کی جانب سے ہائی کلاس بولنگ۔"

جنوبی افریقہ کے سابق بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے ایک ٹویٹ میں لکھا، "شاہین شاہ آفریدی نے شاید اپنی بہترین پرفارمنس بڑے لمحے کے لیے بچا کر رکھی تھی۔"

دنیا کے تیز ترین بولر شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل میں شاہین آفریدی کے اوپننگ اسپیل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا "روہت شرما شاہین کی بولنگ کو نا تو پڑھ اور نا ہی سمجھ پا رہے ہیں۔"

ہفتے کے روز بارش کی وجہ سے یہ میچ مکمل نہ ہوسکا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔ اس طرح پاکستان ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے تک پہنچ گیا ہے جبکہ بھارت کو کوالیفائی کرنے کے لیے اپنے اگلے میچ میں نیپال کو شکست دینا ہوگی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں