1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی کوریا نے چار اسٹریٹیجک کروز میزائلوں کا تجربہ کیا

24 فروری 2023

شمالی کوریا نے ہتھیاروں کا تازہ ترین تجربہ ایسے وقت کیا ہے جب امریکہ اور جنوبی کوریا نے پیونگ یانگ کی جانب سے جوہری خطرات کے پیش نظر فوجی مشقیں کی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4NvJ4
Raketentest in Nordkorea
تصویر: KCNA/REUTERS

شمالی کوریا کی سرکاری خبررساں ایجنسی کوریئن سینٹرل نیوز ایجنسی نے بتایا کہ یہ میزائل بحیرہ جاپان کی طرف فائر کیے گئے۔

ایجنسی نے مزید بتایا کہ "اس مشق نے عوامی جمہوریہ کوریا کی جوہری جنگی قوت کی جنگی پوزیشن کو ایک بار پھر واضح کردیا ہے، جو دشمن قوتوں کے خلاف اس کی مہلک جوہری جوابی صلاحیت کو ہرطرح سے تقویت دے رہی ہے۔"

شمالی کوریا نے سب سے پہلے ستمبر 2021 میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل سسٹم کا رتجربہ کیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ ان ہتھیاروں کا ذکراسٹریٹیجک ہتھیار کے طور پر کرتا ہے۔ اس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ انہیں جوہری وارہیڈز سے لیس کرنے کے لیے تیار کیا  جارہا ہے۔

شمالی کوریا کے میزائل تجربات: لاکھوں چینی اور جاپانیوں کو تابکاری کا خطرہ

شمالی کوریا نے جمعے کے روز اسٹریٹیجک کروز میزائلوں کے تجربات سے پہلے ہفتے کے روز ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا  اور پھر پیر کو مشرقی ساحل سے دور سمندر میں، جسے بحیرہ جاپان بھی کہاجاتا ہے، مختصر فاصلے تک مار کرنے والے دو میزائلو ں کے تجربات کیے تھے۔

امریکہ، جنوبی کوریا اورجاپان نے بحیرہ جاپان میں فوجی مشقیں کی ہیں
امریکہ، جنوبی کوریا اورجاپان نے بحیرہ جاپان میں فوجی مشقیں کی ہیںتصویر: South Korea Defense Ministry/AP/picture alliance

امریکہ اور جاپان کی جانب سے مشقیں

بدھ کو امریکہ اور جنوبی کوریا نے واشنگٹن میں "ٹیبل ٹاپ"مشقیں کیں جس میں شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کرنے کے امکان کی صورت میں جوابی اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔

ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ "عوامی جمہوریہ شمالی کوریا کے حالیہ جارحانہ جوہری پالیسی اور جوہری صلاحیتوں میں پیش رفت کے مدنظر شمالی کوریا کی جانب سے فوجی ہتھیاروں کے استعمال کے امکان پر توجہ مرکوز کی گئی۔"

جرمن ادارے اور شمالی کوریا کا ’خطرناک‘ سائنسی اشتراک

بیان میں مزید کہا گیا کہ "فریقین نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ اتحاد شمالی کوریا کے جوہری خطرات کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔"

دریں اثنا امریکہ، جنوبی کوریا اورجاپان نے بحیرہ جاپان میں فوجی مشقیں کی ہیں۔

امریکہ اور جنوبی کوریا مشترکہ ایٹمی مشقوں پر بات چیت کر رہے ہیں

جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہاکہ انہوں نے بیلسٹک میزائل کے ہدف کی معلومات، پتہ لگانے، ٹریکنگ اور مداخلت کرنے کے حوالے سے اطلاعات کا اشتراک کرنے پر توجہ مرکوز کی۔

امریکہ اور جنوبی کوریا نے آنے والے ہفتوں میں مزید جنگی مشقوں کی منصوبہ بندی کی ہے۔

شمالی کوریا کئی دہائیوں سے امریکہ اور جنوبی کوریا کے سالانہ فوجی مشقوں کو اس کے خلاف ممکنہ حملے کی مشق کے طورپر بیان کرتا رہا ہے، حالانکہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کا کہنا ہے کہ ان کی مشقیں دفاعی نوعیت کی ہیں۔

کیا شمالی کوریا کے خلاف فوجی کارروائی ہونی چاہیے؟

ج ا/  ص ز (اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)