شکیب کی سنچری، بنگلہ دیش کا ’کم بیک‘
17 دسمبر 2011دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں میرپور میں کھیلے جا رہے آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن شکیب الحسن اور شہر یار نفیس نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 180 رنز بنائے۔ جون 2010ء کے بعد پہلی مرتبہ بنگلہ دیش قومی کرکٹ ٹیم کی طرف سے کسی ٹیسٹ میچ میں پہلی مرتبہ سو رنز کی پارٹنر شپ قائم ہو سکی ہے۔
اگرچہ کھیل کے آغاز میں ٹاس جیتنے والی پاکستانی ٹیم نے میزبان ٹیم کا ٹاپ آرڈر تباہ کر کے رکھ دیا لیکن شہر یار نفیس اور شکیب الحسن نے اپنی ٹیم کو غیر معمولی سہارا دیا۔ شہر یار نفیس 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شکیب الحسن 108 کے انفرادی اسکور پر ناؤٹ آؤٹ ہیں۔
پاکستان کی طرف سے کامیاب ترین بولر اعزاز چیمہ رہے، انہوں نے سولہ اوورز کیے اور تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وکٹ حاصل کرنے والے دوسرے بولر عمر گل تھے، جنہوں نے چودہ اوورز میں دو کھلاڑیوں کو واپس پویلین روانہ کیا۔
پاکستانی سِیم بولرز نے آغاز پر بنگلہ دیشی ٹیم کے چار کھلاڑیوں کو صرف 43 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ تب معلوم ہو رہا تھا کہ اس مرتبہ بھی بنگلہ دیش کی کمزور بیٹنگ لائن، تجربہ کار پاکستانی بولروں کا سامنا نہ کر سکے گی تاہم شہر یار نفیس اور شکیب الحسن نے ثابت کر دیا کہ وہ وکٹ ضائع کیے بغیر اچھے اسٹروکس کھیل سکتے ہیں۔
شیر بنگال اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں پاکستانی سپن بولروں کو ابھی تک کوئی مدد نہیں مل سکی ہے۔ عبدالرحمان، سعید اجمل اور آل راؤنڈر محمد حفیظ پہلے دن کے کھیل میں کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے ہیں۔
پہلے دن کے کھیل میں بنگلہ دیشی بلے بازوں نے 68 اوورز میں 3.44 کی اوسط سے دو سو چونتیس رنز بنا لیے ہیں۔ اگر دوسرے دن بھی بنگلہ دیشی بلے باز پاکستانی بولرز کا اچھی طرح سامنے کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو میچ میں جان آ جائے گی۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عصمت جبیں