چٹاگانگ ٹیسٹ، بنگلہ دیش کو اننگ کی شکست
12 دسمبر 2011بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 135 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی جبکہ پاکستان نے اس کے جواب میں بنگلہ دیش کے سامنے 594 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا۔ دوسری اننگ میں بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی تمام تر کوشش کے باوجود صرف 275 رنز ہی بنا سکی۔ اس طرح اسے ایک اننگ اور 184 رنز کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم کو اب تک مجموعی طور پر کھیلے گئے 73 ٹیسٹ میچوں میں 35 میں اننگ کی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی بولر میچ پر چھائے رہے۔ عبدالرحمان، لیفٹ آرم اسپنر سعید اجمل اور اعزاز چیمہ نے پیر کے روز بنگلہ دیش کی پانچ وکٹیں گرائیں۔
پہلی اننگ میں بنگلہ دیشی بیٹسمین کسی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور پوری ٹیم صرف 135 رنز بنا پائی تھی۔ اس کے جواب میں پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی انتہائی بہترین رہی۔ پاکستان کی جانب سے یونس خان نے 200 رنز کی ناقابل فراموش اننگ کھیلی۔ اس کے علاوہ محمد حفیظ 143، اسد شفیق 104 اور توفیق عمر 61 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان نے جب 594 رنز پر اپنی اننگ ڈکلیئر کی، تو اس وقت تک اس کی صرف پانچ وکٹیں گری تھیں۔
پاکستان کی 459 رنز کی لیڈ کے تعاقب میں میچ کے تیسرے روز جب بنگلہ دیش نے بیٹنگ کا آغاز کیا، تو سلامی بلے باز تمیم اقبال صرف 15 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم دوسرے اینڈ پر نظام الدین نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش جاری رکھی۔ نظام الدین نے مجموعی طور پر 78 رنز بنائے، وہ عبدالرحمان کی گیند پر سعید اجمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کا کچھ دیر تک شہریار نفیس نے ساتھ دیا۔ نفیس 28 رنز بنا کر سعید اجمل کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد محمد اشرف اُل اور ناصر حسین کسی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیے بغیر صفر اور تین کے انفرادی اسکور پر اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے۔
ان کے بعد شکیب الحسن اورمشفیق الرحمان نے ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے بالترتیب 51 اور 49 رنز کی اننگز کھیلیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی بنگلہ دیشی ٹیم انتہائی دباؤ میں نظر آئی اور محمود اللہ بغیر کوئی رن بنائے ہی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہیں سعید اجمل نے بولڈ کیا۔
الیاس سمیع اور شہادت حسین نے 20 اور 21 رنز بنائے۔ شہادت حسین کی وکٹ گری تو بنگلہ دیشی کھلاڑی روبل حسین زخمی ہونے کی بنا پر اپنی بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ اتر پائے۔ اس طرح بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی دوسری اننگ میں مجموعی طور پر 275 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے اعزاز چیمہ اور سعید اجمل نے دو دو جبکہ عبدالرحمان نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
رپورٹ: عاطف توقیر
ادارت: حماد کیانی