1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’صرف ایک اننگز چاہئے‘، یونس خان

25 اکتوبر 2010

سابق پاکستانی ٹیسٹ کپتان محمد یونس خان نے کہا ہے کہ دنیائے کرکٹ میں اپنا لوہا منوانے کے لئے انہیں صرف ایک اچھی اننگز درکار ہے اور اس کے بعد وہ ویسے ہی کھیلیں، جیسا کہ ان کی پہچان ہے۔

https://p.dw.com/p/PnUi
سابق ٹیسٹ کپتان یونس خانتصویر: AP

ڈوئچے ویلے ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے کے حوالے سے وہ بہت پراعتماد ہیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے مابین پہلا بین الاقوامی ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ منگل کو ابو ظہبی میں کھیلا جا رہا ہے۔ محمد یوسف کے زخمی ہونے کے بعد یونس خان ایک مرتبہ پھر پاکستانی بین الاقوامی کرکٹ ٹیم میں شامل کر لئے گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف محدود اوورز کے میچوں کے لئے ٹیم میں جگہ بنانے والے اس سٹار بیٹسمین نے ڈوئچے ویلے شعبہء اردو کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ کافی لمبےعرصے سے ٹیم سے باہر ہیں لیکن جتنی کرکٹ انہوں نے کھیل رکھی ہے، اس کو سامنے رکھتے ہوئے وہ پر امید ہیں کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی پر اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کریں گے۔

ڈوئچے ویلے کے نامہ نگار طارق سعید سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ خود کو مکمل طور پر فٹ محسوس کر رہے ہیں اور یہ ثابت کریں گے کہ وہ ٹیم کے لئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ یونس خان کی ڈوئچے ویلے کے ساتھ تفصیلی گفتگو آپ نیچے دئے گئے آڈیو لنک کو کلک کر کے سن سکتے ہیں۔

Kricket Waqar Younis
پاکستان کے کوچ وقار یونس نے یونس خان کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا ہےتصویر: AP

دوسری طرف پاکستانی ٹیم کے کوچ وقار یونس نے بھی کہا ہے کہ محمد یونس دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں بہت زیادہ فٹ ہیں اور ان کا مورال کافی بلند ہے۔ انہوں نے یونس خان کی ٹیم میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونس خان نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لئے بہت کچھ کیا ہے اوران سے مستقبل میں بھی امید کی جا رہی ہے۔

ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ سپاٹ فکسنگ کی زد میں آئے ہوئے فاسٹ بولرز محمد آصف اورمحمد عامر کی عدم موجودگی کے باوجود ٹیم کا بولنگ اٹیک کافی مضبوط ہے۔ تاہم انہوں نے بیٹنگ لائن کی کمزوریوں پر کچھ پریشانی کا اظہار ضرور کیا۔ وقار نے کہا کہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں میں جنوبی افریقہ سے جیتا جا سکتا ہے تاہم ون ڈے میچوں میں مقابلہ سخت ہوگا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات میں جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی، پانچ ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے۔ پاکستان میں سکیورٹی خدشات کے بعد یہ مقابلے وہاں منتقل کئے گئے ہیں ورنہ انہی دنوں میں جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں