عامرخان نے زاب یوڈا کو ناک آؤٹ کردیا
24 جولائی 201124 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کے پاس پہلے ہی لائٹ ویلٹر ویٹ کا عالمی اعزاز ہے۔ اس کے علاوہ وہ اولمپک سلور میڈلسٹ بھی ہیں۔ عامر خان نے مقابلے کے آغاز سے ہی یوڈا پر تابڑ توڑ حملے کیے۔ نپے تلے انداز اور تیز رفتاری سے کیے جانے والے حملوں کی تاب نہ لاتے ہوئے بالآخر یوڈا پانچویں راؤنڈ میں دو منٹ اور 47 منٹ بعد ہی زمین بوس ہوگئے۔ 33 سالہ یوڈا اپنے گھٹنوں پر ہی تھے جب ریفری نے گنتی مکمل کرلی، جس پر خان کو فاتح قرار دے دیا گیا۔
اس جیت کے بعد عامر خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’ میں ہر ایک کو ہرا رہا ہوں، میرے لیے نیا چیلنج لاؤ۔‘‘ خان نے پورے میچ کے دوران یوڈا پر اپنی برتری قائم رکھی۔ ان کے جاندار مکوں کی بدولت یوڈا جب پانچویں راؤنڈ میں لڑنے کے لیے آئے تو ان کے ناک اور چہرے پر لگنے والے ایک زخم سے خون رِس رہا تھا۔
اس میچ کے دوران خان نے یوڈا کے مقابلے میں تین گنا زیادہ مکے نشانے پر لگائے اور یہ تناسب 61-20 رہا۔ مجموعی طور پر عامر خان نے 284 مکے اپنے حریف پر برسائے جبکہ یوڈا کی طرف سے یہ تعداد 115 رہی۔
عامر خان اپنے کیریئر میں اب تک 27 مقابلے لڑ کر ان میں سے 26 میں کامیاب رہے ہیں۔ 18 مقابلوں میں انہوں نے اپنے حریفوں کو ناک آؤٹ کیا۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: شادی خان سیف