1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستاسرائیل

غزہ کی تعمیر نو میں دہائیاں اور اربوں ڈالر درکار

20 جنوری 2025

فلسطینی ایمرجنسی سروسز کے مطابق ہزاروں لاپتا فلسطینیوں کی تلاش جاری ہے جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے دفن ہو سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4pNxK
جنگ کی تباہ کاریوں کا منظر
اس جنگ میں غزہ کا ایک بڑا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہےتصویر: Omar Al-Qattaa/AFP/Getty Images

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق غزہ پٹی کے رہائشی سیزفائر کے دوسرے دن اپنے علاقے کی تباہی پر ششدر ہیں۔ اتوار کی صبح سے غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والا سیزفائر معاہدہ نافذ العمل ہے۔ پندرہ ماہ سے زائد عرصے جاری رہنے والے اس مسلح تنازعے میں غزہ پٹی کا ایک وسیع تر حصہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔

مصری سرحد کے قریب امدادی ٹرک
سیزفائر کے بعد ہزاروں ٹرک غزہ میں امداد لے کر پہنچ رہے ہیںتصویر: AFP/Getty Images

یرغمالیوں کی رہائی

اس فائربندی معاہدے کے نفاذ کے ساتھ ہی حماس نے تین اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جب کہ اس کے بدلے میں اسرائیلی جیلوں میں قید نوے فلسطینیوں کی رہائی عمل میں آئی۔

امریکی، قطری اور مصری ثالثی میں طے پانے والے اس معاہدے کے تحت غزہ میں چھ ہفتوں کے لیے فائربندی نافذ کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ غزہ میں حماس کے قبضے میں موجود تینتیس میں سے تین یرغمالیوں کو اتوار کے روز رہائی ملی۔ اس معاہدے میں درج ہے کہ اسرائیل غزہ کے گنجان آباد علاقوں سے اپنی افواج واپس بلائے گا، جب کہ چھ سو امدادی ٹرک اس فلسطینی علاقے میں داخل ہوں گے۔

غزہ کی تعمیر نو

اس جنگ میں غزہ پٹی کا ایک بڑا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور امدادی اداروں اور عالمی برداری کی توجہ اب غزہ کی تعمیر نو پر مرکوز ہے۔

غزہ کا ایک منظر
غزہ کے رہائیشیوں کے مطابق مجموعی طور پر سیزفائر پر عمل درآمد ہو رہا ہےتصویر: Amir Cohen/REUTERS

فلسطینی ایمرجنسی سروسز کے ترجمان محمود باسل کے مطابق، ''ہم دس ہزار سے زائد افراد کی تلاش میں مصروف ہیں، جو ممکنہ طور پر ملبے تلے دفن ہو سکتے ہیں۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ کم از کم دو ہزار آٹھ سو چالیس لاشیں مکمل طور پر پگھل چکی ہیں، جن کے کوئی نشانات نہیں مل رہے۔

روئٹرز کے مطابق غزہ کی جنگ کے بعد اس علاقے کی تعمیر نو کے لیے اربوں ڈالر کی ضرورت ہوگی۔ اقوام متحدہ کی رواں ماہ جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں پچاس ملین ٹن ملبہ موجود ہے، جس کی صفائی کے لیے بھی اکیس برس کا وقت لگ سکتا ہے، جب کہ اس میں ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر درکار ہوں گے۔

پچھلے سال اقوام متحدہ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ غزہ پٹی میں ٹوٹے ہوئے مکانات کی تعمیر نو کا عمل دو ہزار چالیس تک ممکن ہو گا، تاہم اس سے زائدہ وقت بھی لگ سکتا ہے۔

جنگ بندی پر عمل درآمد

غزہ کے رہائشیوں اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ چند مقامات پر اکا دکا پرتشدد واقعات ہوئے ہیں، تاہم مجموعی طور پر فائربندی برقرار ہے۔ فلسطینی طبی ذرائع کے مطابق پیر کی صبح جنوبی شہر رفح میں اسرائیلی فائرنگ سے آٹھ افراد زخمی ہوئے، تاہم ان کی حالت کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ ان رپورٹوں کی جانچ کر رہی ہے۔

غزہ سیزفائر جنگ کے خاتمے کا باعث بنے گی؟

واضح رہے کہ سات اکتوبر دو ہزار تیئیس کو جنوبی اسرائیل میں حماس کے ایک دہشت گردانہ حملے میں بارہ سو اسرائیلی شہری ہلاک ہو گئے تھے جب کہ جنگجو تقریباﹰ ڈھائی سو اسرائیلی شہریوں کو یرغمال بنا کر غزہ لے گئے تھے۔ اس کے بعد اسرائیل نے غزہ پٹی میں وسیع تر زمینی اور فضائی عسکری کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔ حماس کی زیرنگرانی کام کرنے والی غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اس مسلح تنازعے میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں سنتالیس ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہوئے۔

ع ت، ک م (روئٹرز)