1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمقبوضہ فلسطینی علاقے

حماس کے زیر قبضہ اسرائیلی یرغمالیوں میں سے تین خواتین رہا

19 جنوری 2025

اسرائیل اور حماس کے مابین عملاﹰ فائر بندی شروع ہو جانے کے بعد حماس نے تین یرغمالیوں کو رہا کر دیا۔ اب تک حماس کے زیر قبضہ باقی ماندہ اسرائیلی یرغمالیوں میں سے سب سے پہلے رہائی پانے والی یہ تینوں یرغمالی خواتین ہیں۔

https://p.dw.com/p/4pLPD
حماس کی طرف سے رہا کردہ تینوں اسرائیلی یرغمالی خواتین کی تصاویر
حماس کی طرف سے رہا کردہ تینوں اسرائیلی یرغمالی خواتین کی تصاویرتصویر: Ahmad Gharabli/The Hostages Families Forum Headquarters/AFP

یروشلم سے اتوار 19 جنوری کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق غزہ کی جنگ میں مقامی وقت کے مطابق آج ہی تین گھنٹے کی تاخیر سے لیکن قبل از دوپہر نافذالعمل ہو جانے والے فائر بندی معاہدے کے تحت فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کو ایک چھوٹے سے لیکن اولین گروپ کے طور پر تین ایسی یرغمالی خواتین کو رہا کرنا تھا، جن کے ناموں کی فہرست اس نے آج ہی ثالثوں کے ذریعے اسرائیلی حکومتی نمائندوں کے حوالے کی تھی۔

غزہ جنگ بندی معاہدے پر تاخیر سے لیکن عمل درآمد شروع ہو گیا

یہ تینوں خواتین اسرائیلی شہری ہیں اور ان تقریباﹰ ڈھائی سو افراد میں شامل تھیں، جنہیں سات اکتوبر 2023ء کو اسرائیل میں کیے گئے دہشت گردانہ حملے کے دوران حماس کے جنگجوؤں نے یرغمال بنا لیا تھا۔ اس حملے میں تقریباﹰ 1200 افراد مارے گئے تھے جبکہ واپس جاتے ہوئے حماس کے عسکریت پسند یرغمالیوں کو بھی اپنے ساتھ غزہ پٹی لے گئے تھے۔

یہ تینوں اسرائیلی یرغمالی خواتین 15 ماہ سے بھی زیادہ کا عرصہ حماس کی حراست میں گزارنے اور اپنی رہائی کے بعد غزہ میں بین الاقوامی ریڈ کراس کے نمائندوں کے حوالے کر دی گئی تھیں۔ ریڈ کراس کے مطابق یہ تینوں جسمانی طور پر اچھی حالت میں ہیں۔

ایک اسرائیلی جیل سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی سے قبل انہیں لینے کے لیے آنے والی ریڈ کراس کی گاڑیاں
ایک اسرائیلی جیل سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی سے قبل انہیں لینے کے لیے آنے والی ریڈ کراس کی گاڑیاںتصویر: Jalaa Marey/AFP

اسرائیلی جیلوں سے نوے فلسطینی قیدیوں کی رہائی

غزہ میں ریڈ کراس کے نمائندوں نے رہا کی گئی تینوں خواتین کو وہاں اسرائیلی فوج کے حوالے کر دیا، جس نے بعد ازاں تصدیق کر دی کہ رہائی پانے والی تینوں سابقہ یرغمالی خواتین اسرائیلی دفاعی افواج کی حفاظت میں ہیں۔

اس کے کچھ ہی دیر بعد اتوار کی شام اسرائیلی حکومت نے بھی باقاعدہ طور پر اعلان کر دیا کہ حماس نے ان تینوں یرغمالی خواتین کو رہا کر دیا ہے، جن کے ناموں کی فہرست حماس نے آج ہی قبل از دوپہر اسرائیل کو بالواسطہ طور پر مہیا کی تھی۔

اسرائیلی حکومت کی طرف سے کہا گیا کہ رہائی پانے والی تینوں خواتین اب واپس اسرائیل پہنچ گئی ہیں۔

اسی دوران حماس کی طرف سے یہ بھی بتایا گیا کہ اس کی طرف سے رہا کردہ تینوں یرغمالی خواتین کے بدلے اسرائیلی حکام مختلف جیلوں سے آج ہی تقریباﹰ 90 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر رہے ہیں۔

اسرائیلی جیلوں میں قید سرکردہ ترین فلسطینیوں میں کون کون شامل؟

غزہ میں رہا کردہ یرغمالی خواتین کو لینے کے لیے آنے والی ریڈ کراس کی گاڑی کے ارد گرد عام فلسطینی شہریوں کا بہت بڑا ہجوم جمع ہو گیا تھا
غزہ میں رہا کردہ یرغمالی خواتین کو لینے کے لیے آنے والی ریڈ کراس کی گاڑی کے ارد گرد عام فلسطینی شہریوں کا بہت بڑا ہجوم جمع ہو گیا تھاتصویر: Dawoud Abu Alkas/REUTERS

رہائی پانے والی تین یرغمالی خواتین

رومی گونن

رومی گونن شمالی اسرائیل کی رہنے والی ہیں اور ان درجنوں اسرائیلی یرغمالیوں میں شامل تھیں، جنہیں حماس کے جنگجوؤں نے سات اکتوبر 2023ٔ کے روز سپرنووا نامی میوزک فیسٹیول کے اجتماع پر حملہ کر کے اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ حماس کے اس دہشت گردانہ حملے میں اس میوزک فیسٹیول کے شرکاء میں سے 364 موقع پر ہی مارے گئے تھے۔

اس حملے کے دوران رومی نے وہاں سے اپنی گاڑی میں سوار ہو کر فرار ہونے کی کوشش کی تھی اور پریشانی میں اپنی والدہ کو فون بھی کیا تھا۔ تاہم بعد ازاں رومی کی کار میوزک فیسٹیول کے قریب ہی ایک جگہ سے خالی ملی تھی اور پھر موبائل فون سگنل سے پتہ چلا تھا کہ رومی کا فون غزہ پٹی میں تھا۔

غزہ سیزفائر: جنگ کے بعد یورپی یونین کیا کردار ادا کر سکتی ہے؟

غزہ میں امدادی سامان پہنچانے کے لیے رفح بارڈر کراسنگ پر سینکڑوں ٹرک تیار کھڑے ہیں
غزہ میں امدادی سامان پہنچانے کے لیے رفح بارڈر کراسنگ پر سینکڑوں ٹرک تیار کھڑے ہیںتصویر: AFP/Getty Images

ایمیلی داماری

رہائی پانے والی دوسری اسرائیلی یرغمالی خاتون ایمیلی داماری کے والد اسرائیلی اور والدہ برطانوی شہری ہیں۔ ایمیلی کی والدہ برطانیہ سے اسرائیل منتقل ہو گئی تھیں اور ایمیلی اسرائیل ہی میں پید اہوئی تھیں۔

ایمیلی کفر غزہ (Kfar Aza) نامی اسی اسرائیلی بستی میں بڑی ہوئی تھیں، جو اسرائیل کے جنوبی سرحدی علاقے میں غزہ پٹی کے فلسطینی علاقے کے پاس ہی واقع ہے اور جہاں میوزک فیسٹیول پر حماس کے عسکریت پسندوں نے حملہ کیا تھا۔

ایمیلی کفر غزہ نامی کمیونٹی پر حماس کے حملے کے وقت اپنے گھر پر تھیں اور حماس کے جنگجو ان کے گھر میں گھس کر انہیں اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد ریکارڈ سے 40 فیصد زیادہ، لینسیٹ

اسرائیل میں یرغمالیوں کی رہائی کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالنے کی خاطر مسلسل مظاہرے کیے جاتے رہے ہیں
اسرائیل میں یرغمالیوں کی رہائی کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالنے کی خاطر مسلسل مظاہرے کیے جاتے رہے ہیںتصویر: Jack Guez/AFP

ڈورون اشٹائن بریشر

حماس کی طرف سے آج رہا کردہ تیسری اسرائیلی یرغمالی خاتون کا نام ڈورون اشٹائن بریشر ہے اور وہ پیشے کے اعتبار سے ایک ویٹرنری نرس ہیں۔ سات اکتوبر کے حملے کے دن انہوں نے اپنے والدین کے نام ایک موبائل فون میسج میں اطلاع دی تھی کہ انہیں اغوا کر لیا گیا ہے۔

ڈورون اشٹائن بریشر کے پاس اسرائیلی کے علاوہ رومانیہ کی شہریت بھی ہے اور وہ دو دیگر اسرائیلی یرغمالیوں کے ساتھ ایک ایسی ویڈیو میں بھی دیکھی جا سکتی تھیں، جو حماس نے گزشتہ برس جنوری میں جاری کی تھی۔

م م / ا ا (روئٹرز، اے ایف پی، اے پی)

غزہ سیزفائر جنگ کے خاتمے کا باعث بنے گی؟