فلپائن میں سمندری طوفان فان فون سے متعدد ہلاک
26 دسمبر 2019فلپائن کے محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس طوفان کی تباہ کاریوں کا سلسلہ اس ہفتے کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ فلپائن ڈیزاسٹر ایجنسی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک تیرہ سالہ لڑکا بھی شامل ہے، جو آسمانی بجلی کی زد میں آ گیا تھا، ایک شخص درخت کے نیچے دب کر اور ایک شخص کار حادثے میں ہلاک ہو گیا۔
یہ طوفان منگل 24 دسمبر کو وسطی فلپائن سے ٹکرایا تھا۔ طوفان کی وجہ سے ہزاروں افراد مختلف مقامات پر پھنس گئے یا انہیں بلندی پر بنائے گئے امدادی کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا تھا۔
اس طوفان کے ساتھ ساتھ 195 کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ متعدد مکانات تباہ ہو گئے ہیں، درخت گر گئے ہیں، کئی شہر تاریکی میں ڈوب گئے ہیں اور انٹرنیٹ کی سروس بھی منقطع ہو گئی ہے۔ اس وجہ سے لوگوں سے رابطہ مشکل ہو رہا ہے، جب کہ موبائل فون بھی ٹھیک سے کام نہیں کر رہے ہیں۔
امدادی کاموں میں مصروف اہلکاروں کا کہنا ہے کہ یہ طوفان 2013 ء میں آئے طوفان 'ہیان‘ سے ہے تو کم طاقت ور ہے لیکن یہ اسی کے راستے پر جا رہا ہے۔
2013 ء میں سمندری طوفان 'ہیان‘ میں 7300سے زیادہ لوگوں کی موت ہو گئی تھی یا وہ لاپتہ ہوگئے تھے۔ سات ہزار سے زائد جرائز پر مشتمل ملک فلپائن میں سمندری طوفان اکثر آتے رہتے ہیں۔
سول سیکورٹی افسران نے بتایا کہ اسکولوں اور سرکاری عمارتوں میں بنائے گئے عارضی کیمپوں میں چوبیس ہزار سے زائد لوگوں نے پناہ لے رکھی ہے۔ طوفان کے راستے میں آنے والے تمام جہازوں کو بندرگاہوں پر ہی رہنے کا حکم دیا گیا ہے جب کہ مقامی حکام نے ساحل کے آس پاس رہنے والوں یا زمینیں کھسکنے کے خدشہ والے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر چلے جانے کے لیے کہا ہے۔
فلپائن میں فان فون 2019 ء میں آنے والا 21 واں سمندری طوفان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس کی تباہ کاریوں کا سلسلہ سنیچر کے روز تک جاری رہ سکتا ہے۔
ج ا/ ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے،ریوٹرز)