1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فون ہیکنگ اسکینڈل: صحافی کی پراسرار انداز میں ہلاکت

19 جولائی 2011

برطانیہ کے سیاسی و سماجی منظر پر ہلچل پیدا کر دینے والے فون ہیکنگ اسکینڈل کے ایک اہم کردار اور بند کر دیے جانے والے اخبار نیوز آف دی ورلڈ کے سابق صحافی شین ہؤرے پراسرار انداز میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/11z86
ربیکا بروکس اور مرڈوکتصویر: picture alliance/dpa

برطانیہ میں بند کردیے جانے والے اخبار نیوز آف دی ورلڈ کے سابق رپورٹر شین ہؤرے کی ہلاکت کی پولیس نے تصدیق کردی ہے۔ ہؤرے کی مردہ نعش لندن شہر کے شمال میں واقع ہرٹ فورڈ شائر قصبے کی پولیس نے اپنے قبضے میں لے لی ہے۔ سردست پولیس نے سابق رپورٹر کی ہلاکت کے اردگرد کسی اِسرار کی نفی کی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس وقت ہلاکت کی تفصیلات دستیاب نہیں ہیں لیکن پولیس نے اپنے تفتیشی عمل کا آغاز کردیا ہے۔ ہمسایوں کے مطابق اپنی موت سے قبل ہؤرے نفسیاتی مریض بن چکا تھا اور اپنے فلیٹ میں ایک طرح سے مقید زندگی گزار رہا تھا۔

ہؤرے نے نیو یارک ٹائمز کو بتایا تھا کہ برطانوی وزیر اعظم کے پریس چیف اینڈی کولسن خاصی دیر سے فون ہیکنگ سے آگاہ تھے۔ ہؤرے نے اپنے انٹرویو میں اخبار نیوز آف دی ورلڈ میں کام کے دوران غیر معمولی پریشر کا بھی حوالہ دیا تھا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اخبار کی جانب سے اسے کہا گیا تھا کہ وہ مقبول اور معروف شخصیات کے ساتھ منشیات کا استعمال کر کے خبروں کا حصول کرے۔ ہؤرے کو اخبار کی انتظامیہ نے سن 2005 میں ملازمت سے برخواست کردیا تھا۔ برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق ہلاک ہونے والے صحافی کو منشیات کے باقاعدہ استعمال کی عادت تھی۔

NO FLASH Abhörskandal Großbritannien David Cameron und Paul Stephenson
لندن پولیس کے سابق کمیشنر سر اسیفنسن اور وزیر اعظم کیمرونتصویر: picture alliance/empics

دوسری جانب نیوز کارپوریشن کے ذیلی ادارے نیوز انٹرنیشنل کے اخبار دی سن کی ویب سائٹ کو ہیکرز نے خاصا نقصان پہچانے کی کوشش کی ہے۔ ہیکرز نے اخبار پر روپرٹ مرڈوک کے مرنے کی جھوٹی خبر بھی ریلیز کردی تھی۔ اس خبر میں بتایا گیا تھا کہ میڈیا ٹائیکون اپنے باغ میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ ہیکرز کے ایک گروپ Lulz Security نے اس ہیکنگ کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیا ہے۔ نیوز انٹرنیشنل نے اس ہیکنگ پر اتنا تبصرہ کیا ہے کے ادارہ اس عمل کے وقوع پذیر ہونے سے آگاہ تھا۔

برطانیہ کے فون ہیکنگ اسکینڈل کےحوالے سے ایک اہم پیش رفت یہ ہے کہ لندن میٹرو پولیس کے نائب کمیشنر جان ییٹس نے بھی اپنے منصب سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ایک روز قبل لندن پولیس کے کمیشنر سر پال اسٹیفنسن نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ ایسی رپورٹیں بھی سامنے آئی ہیں کہ بند ہونے والے اخبار نیوز آف دی ورلڈ کے ایک سینئر صحافی نے اسکاٹ لینڈیارڈ پولیس کے ساتھ بھی مختلف امور میں رابطے استوار کر رکھے تھے۔

آسٹریلیا کی مالی منڈی میں نیوز کارپوریشن کے حصص کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ گزشتہ دنوں میں اس ادارے کے حصص کی قیمتیں گر گئی تھیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں