فیڈرر آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے
25 جنوری 2011آسٹریلین اوپن کے ایک کوارٹر فائنل میں منگل کو راجر فیڈرر نے سٹینسلاس واورنکا کو چھ ایک، چھ تین اور چھ تین سے شکست دی۔ گرینڈ سلیم چیمپیئن فیڈرر کے لیے یہ کوئی مشکل مقابلہ ثابت نہیں ہوا اور ایک گھنٹے 47 منٹ میں ہی کھیل کا فیصلہ ہو گیا۔
دوسری جانب واورنکا کے کھیل سے یہ واضح ہو گیا تھا کہ انہیں فیڈرر کو شکست دینے کا یقین نہیں۔ خیال رہے کہ کسی گرینڈ سلیم مقابلے کے کوارٹر فائنل میں سوئس کھلاڑیوں کے درمیان یہ پہلا مقابلہ تھا۔
آسٹریلین اوپن میں فیڈرر کی یہ 59ویں جیت ہے جبکہ وہ گزشتہ 15مقابلوں میں مسلسل فاتح رہے ہیں۔ اس میچ کے بعد انہوں نے کہا، ’مجھے واقعی ایک اچھی کارکردگی دکھانے کی ضرورت تھی، ظاہر میں واورنکا کے ساتھ بارہا پریکٹس میچ کھیل چکا ہوں اور ہم دونوں کے لیے ایک دوسرے کے کھیل کی کوئی بھی بات ڈھکی چھپی نہیں تھی۔‘
انہوں نے کہا، ’میرا خیال ہے کہ کھیل کا آغاز بہت اہم تھا۔ واورنکا کو کافی کوشش کرنا پڑی ہو گی۔ میں اپنے کھیل سے بہت خوش ہوں۔‘
واورنکا نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کا بہترین کھیل کھیلا ہے۔
فیڈرر اور واورنکا 2008ء کے بیجنگ اولمپکس میں مردوں کے ڈبلز پر اپنے ملک کے لیے گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔
راجرفیڈرر سیمی فائنل میں اب 2008ء کے آسٹریلین اوپن چیمپیئن نوواک یوکووچ یا چیک جمہوریہ کے سکستھ سیڈ توماس بیردش کا سامنا کریں گے۔ یہ سیمی فائنل جمعرات کو ہوگا۔
رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے
ادارت: افسر اعوان