1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لوآنڈا، تارکین وطن کے لیے دنیا کا سب سے مہنگا شہر

12 جولائی 2011

افریقی ملک انگولا کا دارالحکومت لوآنڈا ابھی تک تارکین وطن کے لیے دنیا کا سب سے مہنگا شہر ہے اور اس نے ایک بار پھر جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11tXT

فرانسیسی خبر ایجنسی AFP کے مطابق یہ بات آج منگل کو شائع ہونے والے ایک تازہ بین الاقوامی سروے کے نتائج سے پتہ چلی۔ اس سروے کے مطابق غیر ملکی تارکین وطن کے لیے دنیا کا سستا ترین شہر پاکستان کا بندرگاہی شہر کراچی ہے۔ پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے شہر کراچی میں رہنا لوآنڈا کے مقابلے میں تین گنا سستا ہے۔

انگولا کی اقتصادی پیداوار انگولا کے ہمسایہ افریقی ملکوں کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ اس کی وجہ ملکی بنیادی ڈھانچے پر ستائیس سالہ خانہ جنگی کے تباہ کن اثرات ہیں جو ابھی تک دیکھنے میں آتے ہیں۔ انگولا تیل کی دولت سے مالا مال ہے۔ اس لیے وہاں بہت سے غیر ملکی کارکن بھی کام کرتے ہیں۔ یہ غیر ملکی وہاں مہنگائی میں مزید اضافے کا سبب بنتے ہیں۔ اس لیے کہ وہ روزمرہ زندگی میں بیرون ملک سے درآمد کردہ بہت مہنگی اشیائے ضرورت پر انحصار کرتے ہیں۔

Öl und Gaskraftwerk in Angola Flash-Galerie
انگولا کی اقتصادی پیداوار انگولا کے ہمسایہ افریقی ملکوں کے مقابلے میں بہت کم ہےتصویر: picture alliance/imagestate/Impact Photos

غیر ملکیوں کے لیے دنیا کے مہنگے ترین شہروں کی اس نئی فہرست میں لوآنڈا اور ٹوکیو کے بعد افریقی ملک چاڈ کے دارالحکومت جمینا کا نام آتا ہے۔ اس فہرست میں روسی دارالحکومت ماسکو چوتھے اور سوئٹزر لینڈ کا شہر جنیوا پانچویں نمبر پر آتے ہیں۔ Mercer گروپ کی طرف سے کرائے گئے اس سروے میں تارکین وطن کے لیے مہنگے ترین شہروں کی لسٹ میں پیرس کا نام دس درجے کی کمی کے ساتھ اب ستائیسویں نمبر پرآ گیا ہے۔ اسی طرح لندن کی پوزیشن بھی ایک درجہ کمی کے ساتھ اب 18ویں ہو گئی ہے۔ امریکہ کا سب سے مہنگا شہر نیو یارک ہے، جو اس وقت عالمی درجہ بندی میں بتیسویں نمبر پر ہے۔

میرسر گروپ کی سینئر ریسرچر Nathalie Constainin کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران اکثر مغربی یورپی ملکوں کے بڑے شہروں میں غیر ملکی تارکین وطن کے لیے روزمرہ زندگی کے اخراجات میں کوئی بڑا اضافہ نہیں ہوا۔ اس کے برعکس کئیی شہروں کی درجہ بندی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

Tadschikistan Migranten Russland Duschanbe
لوآنڈا ابھی تک تارکین وطن کے لیے دنیا کا سب سے مہنگا شہر ہےتصویر: DW

اس دوران آسٹریلیا کے کئی شہروں میں مہنگائی دیکھنے میں آئی ہے۔ اس کی اہم وجہ امریکی ڈالر کے مقابلےمیں آسٹریلین ڈالر کی قیمت میں اضافہ بنا۔ پچھلے ایک سال کے دوران آسٹریلین ڈالر کی قیمت امریکی ڈالر کے مقابلے میں چودہ فیصد زیادہ ہو چکی ہے۔

میرسر گروپ کی طرف سے یہ سروے ہر سال کرایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد بڑی بڑی انٹرنیشنل کمپنیوں کی مدد کرنا ہوتا ہے تاکہ ان کے دوسرے ملکوں میں مقیم غیر مقامی ملازمین کے لیے مالی الاؤنس کی مناسب حدود کا تعین کیا جا سکے۔ اس سروے کے دوران دنیا کے 214 شہروں میں رہائش، اشیائے خوراک اور ٹرانسپورٹ سمیت 200 سے زائد اشیاء اور سروسز کی قیمتوں کا موازنہ کیا گیا۔ اس کے لیے امریکی شہر نیو یارک میں مہنگائی کو معیار بنا کر یہ طے کیا گیا کہ کون سا شہر تارکین وطن کے لیے مہنگا یا سستا ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت:افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں