لگژری کاروں میں دنیا کا ٹاپ برانڈ، مرسیڈیز کا نیا ریکارڈ
8 جنوری 2018وفاقی جرمن دارالحکومت برلن سے پیر آٹھ جنوری کو موصولہ نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق مرسیڈیز گاڑیاں تیار کرنے والے ملکی ادارے ڈائملر کی طرف سے بتایا گیا کہ 2017ء میں اس ادارے نے دنیا بھر میں اپنی نئی گاڑیوں کی فروخت کا ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
ہٹلر کی مرسیڈیز گاڑی کی امریکا میں نیلامی
یورپی ہائی ویز: الیکٹرک کاروں کے چارجنگ اسٹیشن، آغاز اسی سال
ڈائملر کے صدر دفاتر جنوبی جرمن شہر اشٹٹ گارٹ میں ہیں اور مرسیڈیز بینز اس ادارے کا مشہور ترین برانڈ ہے۔ پچھلے سال اس کمپنی کی لگژری کاروں کی عالمی سطح پر فروخت میں جو ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا، اس کی ایک بڑی وجہ چینی منڈی میں ان گاڑیوں کی طلب میں غیر معمولی اضافہ بھی تھا۔
ڈائملر کے چیف ایگزیکٹو ڈیٹر سَیچے نے بتایا کہ گزشتہ برس اس کمپنی نے اپنی مجموعی طور پر قریب 2.3 ملین گاڑیاں فروخت کیں، اور یہ تعداد 2016ء کے مقابلے میں قریب 10 فیصد زیادہ تھی۔ اس طرح پچھلا سال اس جرمن ادارے کے لیے ایسا مسلسل ساتواں سال تھا کہ ڈائملر نے اپنی پیداوار اور کاروبا ر میں واضح ترقی کی منزل حاصل کر لی۔
ڈیٹر سَیچے نے کہا، ’’ہماری کمپنی کا کلیدی برانڈ مرسیڈیز بینز ہے اور 2017ء میں ایک بار پھر مرسیڈیز دنیا بھر میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا پریمیم برانڈ رہا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کاروباری ترقی کی یہ شرح اتنی اچھی رہی کہ گزشتہ برس نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں مرسیڈیز گاڑیوں کی فروخت میں مزید 1.7 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ تعداد 193,534 رہی۔
صرف تین ماہ میں گاڑیوں کی فروخت سے 39 ارب یورو آمدنی
جرمن کمپنی مرسیڈیز کو نو بلین یورو منافع، ورکرز کے لیے بونس
ڈائملر کے سربراہ سَیچے نے صحافیوں کو بتایا، ’’ایک جرمن کمپنی کے طور پر ڈائملر آج بھی لگژری کاروں کی تیاری اور فروخت میں عالمی سطح کا ٹاپ برانڈ ہے اور ہم اپنی اس پوزیشن کا آئندہ مزید مضبوط بنائیں گے۔‘‘
ماہرین کے نزدیک یہ مزید ترقی اس لیے بھی ممکن ہے کہ بین الاقوامی سطح پر مرسیڈیز گاڑیوں کے ای کلاس اور ایس یو وی ماڈلز کی طلب میں ابھی تک غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے ملک چین کے بارے میں یہ بات بھی اہم ہے کہ یہ ایشیائی ریاست عالمی سطح پر موٹر گاڑیوں کی سب سے بڑی قومی منڈی ہے۔2017ء چین میں مرسیڈیز گاڑیوں کی فروخت کے لحاظ سے بھی ایک ریکارڈ سال رہا، جب وہاں 2016ء کے مقابلے میں 26 فیصد زیادہ مرسیڈیز کاریں فروخت کی گئیں۔ اسی طرح 2017ء یورپ میں بھی مرسیڈیز گاڑیوں کی فروخت کے حوالے سے ایک نیا ریکارڈ سال ثابت ہوا۔