1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا میں نو فلائی زون: ’اقوام متحدہ حمایت کر سکتا ہے‘

3 مارچ 2011

اقوام متحدہ میں لیبیا کے نائب سفیر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا ادارہ اس شمالی افریقی ملک میں عبوری قومی کونسل کی درخواست پر وہاں طاقت کے ذریعے نو فلائی زون کے قیام کی حمایت کر سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/10Sf5
تصویر: AP

عرب ٹیلی وژن ادارے الجزیرہ کے ساتھ ایک انٹرویو میں عالمی ادارے میں طرابلس کے نائب سفیر ابراہیم دباشی نے کہا کہ لیبیا میں قذافی حکومت کے خلاف مزاحمت کرنے والوں کی قائم کردہ عبوری قومی کونسل اگر باقاعدہ طور پر اقوام متحدہ سے درخواست کرے تو نیو یارک میں قائم یہ عالمی تنظیم لیبیا میں عام شہریوں کے تحفظ کے لیے ملکی فضائی حدود کو کلی یا جزوی طور پر ہر قسم کی پروازوں کے لیے ممنوع قرار دینے سے متعلق کسی قرارداد کی حمایت کر بھی سکتی ہے۔

ابراہیم دباشی بیرون ملک متعین لیبیا کے ان سفارت کاروں میں شامل ہیں، جنہوں نے معمر قذافی کی حکومت کا ساتھ چھوڑ کر اس کی مخالف عوامی تحریک کا ساتھ دینے کا فیصلہ سب سے پہلے کیا تھا۔

Libyen Soldaten
لیبیا کی مسلح افواج کے اہلکارتصویر: Picture-Alliance/dpa

دباشی نے الجزیرہ ٹیلی وژں کو بتایا کہ اگر لیبیا میں باغیوں کی عبوری عرصے کے لیے قائم کی گئی قومی کونسل اقوام متحدہ سے نو فلائی زون سے متعلق کوئی درخواست کرتی ہے، تو انہیں یقین ہے کہ اس درخواست پر عالمی ادارے کا رد عمل مثبت ہو گا اور یہ تنظیم ایسی کسی بھی فوری ضرورت کو بلا تاخیر محسوس بھی کرے گی۔

ابراہیم دباشی کے مطابق لیبیا کے عوام کو بیرونی دنیا اور عالمی برادری کی مدد سے جس پیشرفت کی فی الحال سب سے زیادہ ضرورت ہے، وہ یہی نو فلائی زون ہے، جو لیبیا میں اقتدار کی منتقلی تک عام شہریوں کی ہلاکتوں کو رکوانے میں بہت مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

مشرقی لیبیا میں قذافی کے مخالف باغیوں کی قائم کردہ نیشنل لیبین کونسل کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ اس کونسل نے ابھی کل بدھ کے روز ہی اقوام متحدہ سے یہ درخواست کی تھی کہ عالمی ادارے کی تائید و حمایت سے لیبیا میں ایسے فضائی حملے کیے جانا چاہیئں، جن کا مقصد ’کرائے کے ان قاتلوں‘ کو نشانہ بنانا ہو، جو معمر قذافی کی طرف سے اپنے ہی ملک کے عوام کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

Malta britisches Schiff zurück aus Libyen
لیبیا سے غیر ملکیوں کے انخلاء کے لیے برطانوی بحریہ کا جہازتصویر: dapd

مشرقی لیبیا میں مسلح باغیوں کی اس کونسل کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ لیبیا کی سرزمین پر کسی بھی دوسرے ملک کے فوجی دستوں کی موجودگی کی سختی سے مخالفت کی جائے گی کیونکہ ایسی کسی بھی بیرونی فوجی مداخلت کا عسکری حوالے سے ضروری فضائی حملوں کے ساتھ کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔

لیبیا میں ممکنہ نو فلائی زون کے قیام کے بارے میں بین الاقوامی برادری ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر سکی۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ لازمی نہیں کہ ایسا کوئی فیصلہ عنقریب ہی کر بھی لیا جائے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں