1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا پر نیٹو حملے، قذافی کی جوابی کارروائی کی دھمکی

2 جولائی 2011

لیبیا کے رہنما معمر قذافی نے دھمکی دی ہے کہ اگر مغربی دفاعی اتحاد نے لیبیا پر فضائی حملے بند نہ کیے تو یورپ کو جوابی حملوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/11npn
تصویر: picture alliance/dpa

لیبیا پر معمر قذافی نے خبردار کیا کہ لیبیا میں حکومت کے حامی دستے یورپ پر ایسے حملے کریں گے جیسے ٹڈی دل اور شہد کی مکھیاں کرتی ہیں۔ طرابلس سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق لیبیا کے دارالحکومت میں گرین اسکوائر میں جمع ہونے والے قذافی کے ہزاروں حامیوں کے ایک اجتماع میں معمر قذافی کی ایک تقریر لاؤڈ اسپیکروں پر سنائی گئی۔

اپنے اس خطاب میں قذافی نے کہا کہ لیبیا کے عوام یہ اہلیت رکھتے ہیں کہ ایک دن وہ اس جنگ کو یورپ اور بحیرہء روم کے علاقے تک لے جائیں گے۔ اس موقع پر قذافی نے کہا، ’’اگر نیٹو اتحاد لیبیا کے عوام کے گھروں، دفاتر اور بچوں کو نشانہ بنا سکتا ہے، اور انہیں اپنے طور پر جائز فوجی اہداف قرار دے سکتا ہے، تو لیبیا کے عوام اور فوجی دستے بھی یورپ کو شہد کی مکھیوں کی طرح نشانہ بنا سکتے ہیں۔‘‘

Reaktionen der Gaddafi-Unterstützer auf die Einrichtung der Flugverbotszone
معمر قذافی کے حامی نعرے لگاتے ہوئےتصویر: AP

قذافی نے دعویٰ کیا کہ نیٹو کے لیے لیبیا کے بہادر عوام کو شکست دینا ممکن نہیں ہے، لہٰذا اس کے لیے اپنی کارروائیاں بند کر دینا ہی بہتر ہے۔

طرابلس کے گرین اسکوائر میں جمع قذافی کے ہزار ہا حامی اس موقع پر سبز پرچم اور معمر قذافی کی بڑی بڑی تصویریں اٹھائے ہوئے تھے۔ لاؤڈ اسپیکروں پر سنائی جانے والی قذافی کی تقریر کے دوران حاضرین بار بار’’ اللہ، قذافی اور لیبیا‘‘ کے نعرے بھی لگاتے رہے۔

دوسری جانب افریقی رہنماؤں نے لیبیا کی حکومت اور باغیوں کے درمیان بات چیت کرانے کی پیکش کی ہے تاکہ لیبیا میں جنگ کا خاتمہ کیا جا سکے۔ افریقی یونین کے رہنماؤں نے تاہم لیبیا کے رہنما معمر قذافی کے مستقبل کے حوالے سے کوئی واضح بیان دینے سے اجتناب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قذافی کی بات چیت میں موجودگی ’لازمی‘ نہیں ہے۔

افریقی یونین نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے قذافی کی گرفتاری کے لیے جاری کیے گئے وارنٹ کی مخالفت کرتے ہوئے اس پر عمل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت : شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں