1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مالی میں مغوی بنائے گئے یورپی افراد کی تصاویر ریلیز

13 دسمبر 2011

شمالی افریقہ میں فعال القاعدہ نے ایک ویب سائٹ پر ان پانچ مغوی یورپی افراد کی تصاویر شائع کر دی ہیں، جن کو گزشتہ ماہ نومبر میں مسلح افراد نے یرغمال بنا لیا تھا۔

https://p.dw.com/p/13RkE
مالی میں مسلمان انتہاپسند فعال ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

براعظم افریقہ میں بین الاقوامی دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ سے نسبت رکھنے والے عسکریت پسند گروپ (AQIM) یعنی اسلامی مغرب میں القاعدہ نے افریقی ملک مالی میں اغوا کیے گئے پانچ افراد کی تصاویر اپنی حامی ایک ویب سائٹ پر ریلیز کر دی ہیں۔ اغوا کے واقعات نومبر میں وقوع پذیر ہوئے تھے البتہ القاعدہ کی جانب سے ان افراد کو مغوی بنانے کی ذمہ داری گزشتہ ہفتے قبول کی گئی تھی۔

اغوا کیے جانے والے افراد میں دو فرانسیسی بھی شامل ہیں۔ القاعدہ نے ان کو جاسوسی کے شبے میں اپنے قبضے میں لیا تھا۔ القاعدہ کے کارکنوں نے ان پانچ افراد کو دو مختلف مقامات سے اغوا کیا تھا۔ دو فرانسیسیوں کے علاوہ تینوں دوسرے مغوی بھی یورپی باشندے ہیں لیکن ان کی شناخت ابھی تک واضح نہیں کی گئی۔

Mali Kinder im Alltag
مالی دنیا کے غریب ترین ملکوں میں شمار ہوتا ہےتصویر: DW

ان مغویوں کی القاعدہ کی جانب سے دو تصاویر ریلیز کی گئی ہیں۔ ان کو مسلح نقاب پوشوں کے ہمراہ دکھایا گیا ہے۔ دونوں فرانسیسیوں کی ایک تصویر ہے اور اس میں ان کے ہاتھ پیچھے بندھے ہوئے ہیں۔ دوسری تصویر میں تین دوسرے مغوی اپنے ہاتھ گھٹنوں پر رکھے ہوئے ہیں۔ تصاویر میں پانچوں افراد کی صحت بہتر دکھائی دیتی ہے۔ القاعدہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ فرانسیسیوں کے اغوا کی وجہ افریقی ملک مالی اور فرانس کے درمیان جہادیوں کے خلاف جاری تعاون ہے۔

دوسری جانب مالی کی سکیورٹی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ اغوا کی ان وارداتوں کے شبے میں پیر کے روز چار افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان چاروں پر شبہ ہے کہ دونوں فرانسیسیوں کی اغوا کی واردات میں وہی ملوث تھے۔ فرانسیسی شہریوں کو چوبیس نومبر کے روز ہمبوری (Hombori) کے مقام سے اغوا کیا گیا تھا۔ ہمبوری کا قصبہ مالی کے شمالی شہر گاؤ (Gao) سے دو سو کلومیٹر کی دوری پر مغرب میں واقع ہے۔ دیگر تین افراد کو پچیس نومبر کے روز ٹمبکٹو شہر سے اغوا کیا گیا تھا۔

براعظم افریقہ کے ساحل کہلانے والے علاقے کی ریاستوں موریطانیہ، الجزائر، مالی اور نائجر کو مسلمان عسکریت پسندی کا سامنا ہے۔ ساحل کے علاقے کو باغیوں اور اسمگلروں کی محفوظ پناہ گاہ بھی خیال کیا جاتا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں