متاثرین سیلاب کی امداد کے لئے محفل موسیقی
3 دسمبر 2010پاکستان کی تاریخ کے بدترین سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے دنیا بھر میں سرگرمیاں اب بھی جاری ہیں۔۔ اسی حوالے سے کراچی میں قائم جرمن قونصل خانے کی جانب سے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے رقم اکھٹی کرنے کے لئے موسیقی کی ایک محفل کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس کنسرٹ میں شرکت کے لیے عالمی شہرت یافتہ جرمن موسیقار اندریاس کیرن کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔
جیسے ہی اندریاس کیرن کی انگلیاں پیانو پر پڑنا شروع ہوئیں تو ہر طرف خاموشی چھاگئی اور کنسرٹ میں موجود ہر فرد پیانو کی دھنوں میں محو ہوگیا۔ انہوں س نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے کنسرٹ میں شرکت کے لیے موصول ہونے والی دعوت کو اپنے لئے اعزاز قرار دیا ہے۔
''جب مجھے کنسرٹ کا دعوت نامہ ملا تو میں بہت اکسائٹڈ تھا، دور سے پیسے دے کر امداد کرنا بہت آسان ہے لیکن میں خود سیلاب زدگان کے لیے کچھ کرنا چاھتا تھا، دور سے ٹی وی پر دیکھ کر درست صورت حال کا اندازہ نہیں ہوتا، خود تجربہ کرنا ضرورری ہے، پاکستان بہت اچھا ملک ہے، خوبصورت موسم، اچھے لوگ ، مجھے یہاں آکر بہت اچھا محسوس ہوا‘‘۔
کنسرٹ میں پاکستان کے معروف گٹارسٹ عامر ذکی نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ ان کی پرفارمنس سے کنسرٹ میں شریک افراد خوب محظوظ ہوئے۔
جب اندریاس اور عامر ذکی نے ایک ساتھ موسیقی کی دھنیں چھیڑی تو یوں محسوس ہوا کہ مغربی اور مشرقی موسیقی میں گویا کوئی فرق ہی باقی نہیں رہا۔ یہی وجہ تھی کہ کنسرٹ میں شریک لوگوں نے دونوں فنکاروں کو دل کھول کر داد دی۔
اس موقع پر عامر ذکی کا کہنا تھا کہ انہیں ایک نیک مقصد کے لیے کنسرٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی اور انہیں امید ہے کہ انہوں نے اپنا کام پوری ایمانداری سے انجام دیا۔ ’’میں نے بہت مرتبہ ہزاروں لوگوں کے سامنے پرفارم کیا ہے لیکن آج سیلاب زدگان کے لیے پرفارم کرکے کچھ الگ ہی احساسات ہیں، مجھے یہاں لوگوں کو انٹرٹین کرنے کے لیے بلایا گیا تھا تاکہ جو لوگ کنسرٹ میں شریک ہیں وہ دل کھول کر سیلاب زدگان کی امداد کریں اور مجھے امید ہے کہ میں نے اپنا کام پوری ایمانداری سے سرانجام دیا۔‘‘
تقریب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کراچی میں تعینات جرمن قونصل جنرل ڈیٹر فرئینٹ نے بتایا کہ سیلاب اپنے ساتھ لاکھوں لوگوں کی زندگی بھر کی جمع پونجی بہاکر لے گیا ہے اور ہمیں ہر طرح سے انکی مدد کرنی ہے لہذا اسی جذبے کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے جرمن قونصل خانے کی جانب سے اس کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔‘‘سیلاب زدگان بہت برے حالات میں ہیں، سب انکی مدد کے لیے کچھ نہ کچھ کررہے ہیں، ہم نے سوچا کہ کنسرٹ کے ذریعے متاثرین کی امداد کے لیے رقم اکھٹی کی جائے۔
رپورٹ رفعت سعید /کراچی
ادارت شادی خان سیف