مرلی دھرن کا ریکارڈ کوئی نہیں توڑ پائے گا، شین وارن
23 جولائی 2010آسٹریلیا کے عظیم لیگ سپنر شین وارن کا کہنا ہے کہ مرلی دھرن کا ریکارڈ ناقابل شکست ہے۔ ان کے مطابق اگلے ٹیسٹ کرکٹ کے دور میں آٹھ سو وکٹوں کے ہدف کو چھونا انتہائی مشکل اور ناممکن دکھائی دیتا ہے۔ شین وارن ٹیسٹ کرکٹ میں مرلی دھرن کے بعد سب سے زیادہ وکٹیں رکھتے ہیں۔ ان کی وکٹوں کی تعداد 708 ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے جانے والے ہیڈنگلے ٹیسٹ کے دوران انہوں نے کہا، ’’میں اور مرلی ہمیشہ ایک دوسرے کی کارکردگی پر نظر رکھے رہتے تھے، مجھے مرلی کی بہت سے باتیں پسند ہیں جیسا کہ وہ ہمیشہ مسکراتا رہتا ہے اور ہر وقت اپنے کھیل سے محظوظ ہوتا رہتا ہے۔‘‘
جمعہ کو ختم ہونے والے بھارت کے خلاف گال ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو جہاں فتح نصیب ہوئی وہیں یہ ٹیسٹ میچ مرلی دھرن کے نام ہمیشہ سے یادگار رہے گا۔ اس میچ میں آٹھ وکٹیں لے کر انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 800 وکٹیں حاصل کرنے کا ہدف بھی عبور کر لیا ۔ اسی مقام پر انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد بھی کہہ دیا۔ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمٹ کا اعلان وہ پہلے ہی کر چکے ہیں۔
مرلی اب ایک روزہ میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں اس بڑے اعزاز کو حاصل کرنے کے موقع پر کرکٹ کھیلنے والے ملکوں کے شائقین اور معروف کھلاڑیوں کی جانب سے ان کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
مرلی دھرن نے 133 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 23 رنز سے کم کی اوسط سے آٹھ سو وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین باؤلنگ 51 رنز دے کر نو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ہے۔ ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں وہ 67 مرتبہ پانچ یا پانچ سے زائد کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ کسی بھی ٹیسٹ میچ میں دس یا دس سے زائد وکٹیں وہ 22 مرتبہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ایک روزہ مییچوں میں مرلی دھرن پانچ سو سے زائد وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ ابھی وہ ایک روزہ کرکٹ مزید کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ایسے امکانات موجود ہیں کہ وہ اپنی چھ سو وکٹیں مکمل کر سکتے ہیں۔ ان کی ایک روزہ میچوں میں وکٹوں کی تعداد 515 ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں گیارہ میچ کھیل کر انہوں نے اب تک تیرہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اڑتیس سالہ مرلی دھرن کا ٹیسٹ کرکٹ کا دور خاصا متنازعہ بھی رہا ہے۔ ان کو آسٹریلوی امپائر ڈیرل ہیئر کی جانب سے ’تھرو‘ کرنے کے الزامات کا بھی سامنا رہا۔ اس کے علاوہ چند اور مبصرین کا بھی خیال ہے کہ مرلی دھرن گیند کو درست پوزیشن میں لا کر نہیں پھینکتے۔ لیکن یہ تمام اعتراضات اپنی جگہ پر اب مر چکے ہیں اور مرلی دھرن ٹیسٹ کرکٹ کے ناقابل یقین کردار کا روپ اختیار کر گئے ہیں۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: شادی خان سیف