1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصر میں ایوان بالا کے انتخابات کا عمل تیز کرنے کا اعلان

2 جنوری 2012

مصر کے عسکری حکام نے ایوانِ بالا یعنی شوریٰ کے انتخابات کا عمل مقررہ تاریخ سے قبل مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد آئین کے نئے مسودے کی تشکیل کے عمل کو تیز بنانا بھی ہے۔

https://p.dw.com/p/13ciS
تصویر: dapd

یہ انتخابات انتیس جنوری سے گیارہ مارچ تک کے عرصے میں تین مرحلوں میں ہونا طے تھے، لیکن عسکری حکام کے تازہ اعلان کے تحت اب انہیں دو مرحلوں تک محدود کر دیا گیا ہے۔ یوں یہ عمل بائیس فروری کو مکمل ہو جائے گا۔

مصر کے سرکاری خبر رساں ادارے مینا نے یہ بات فیلڈ مارشل حسین طنطاوی کے اعلامیے کے مطابق بتائی ہے۔

مصر کی مشاورتی کونسل نے گزشتہ ہفتے ہی بتا دیا تھا کہ مظاہرین اور سیاستدانوں کی جانب سے اقتدار کی سویلین حکام کو منتقلی کا عمل تیز بنانے کے مطالبوں کے تناظر میں حکام کو الیکشن کا عمل محدود بنانے کی تجویز پیش کی گئی ہے، جس پر وہ غور کر رہے ہیں۔

مشاورتی کونسل کے رکن شریف زھران نے بتایا تھا کہ عسکری کونسل الیکشن کا عمل دو ہفتے قبل، بائیس فروری کو، مکمل کرنے کی تجویز پر غور کے لیے تیار ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ عدلیہ بھی انتخابات کو دو مرحلوں میں مکمل کرنے کی تجویز سے متفق ہے اور ووٹوں کی گنتی کا وقت محدود کرنے کے منصوبے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ زھران کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح فروری کے آخر میں پارلیمنٹ اور شوریٰ (دونوں ایوانوں) کا مشترکہ اجلاس بھی ممکن ہو سکے گا۔

Wochenrückblick Welt KW 48 Iran Flash-Galerie
ایوان بالا کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں سترہ صوبوں میں پولنگ ہو گیتصویر: dapd

نئی حکومت آنے پر مصر میں آئین تشکیل دیا جائے گا اور جون سے قبل صدارتی انتخابات بھی کرائے جائیں گے۔ مصر میں بیشتر افراد کا خیال ہے کہ فوج اصلاحات کا مشکل عمل انجام دینے اور سکیورٹی کا انتظام چلانے کے لائق نہیں رہی۔

خیال رہے کہ ایوان بالا کے الیکشن کی طرز پر ایوانِ زیریں کے لیے پولنگ پہلے ہی جاری ہے، جو نومبر کے وسط میں شروع ہوئی تھی اور جنوری کے وسط میں اختتام کو پہنچے گی۔

ایوان بالا کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں تیرہ صوبوں میں پولنگ ہو گی، جن میں قاہرہ اور اسکندریہ جیسے بڑے شہر بھی شامل ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں